اسلام آباد(آن لائن)چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر ای کورٹس سسٹم مزید فعال بنانے کا حکم دے دیا۔ عدالتی تاریخ میں پہلی مرتبہ کورونا سے متاثرہ جسٹس میاں گل حسن نے گھر سے کیسز کی سماعت کی ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکلا، سائلین کو بھی مقدمات کی پیروی آن لائن کرنے کی پیشکش کر دی ،عدالت نے حکم دیا کہ وکلا کسی بھی جگہ سے آن لائن کیسز میں دلائل دے سکتے ہیں جبکہ مقدمات کی تفصیل،تاریخ اور آرڈر شیٹ بھی آن لائن حاصل کی جاسکتی ہے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے تمام مقدمات کی جوڈیشل فائلز کا ای ریکارڈ بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ،اس کے علاوہ مقدمات کے عبوری فیصلوں کی بھی آن لائن سہولت ہوگی ،عدالتی حکام کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ اب تک 10 ہزار فائلز کی سکیننگ مکمل کرچکی جبکہ مارچ سے اب تک درجنوں وکلا آن لائن اپنے مقدمات کی پیروی کرچکے ہوں گے ۔