کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد مندی کا رجحان غالب رہا جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 183.92 پوائنٹس کی کمی سے 46721.87پوائنٹس کی سطح پرآ گیا اور 57.75فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو 45ارب 87کروڑ58لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت2.64 فیصد کم رہا۔پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کے آغازمیں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا تاہم بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے حصص فروخت کا دباؤ بڑھنے کے باعث انڈیکس کی47ہزار کی نفسیاتی حد برقرار نہ رہ سکی اورانڈیکس 46659.21 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں ریکوری بھی آئی لیکن مندی کا رجحان غالب آگیا اورکاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس183.92 پوائنٹس کی کمی سے 46721.87پوائنٹس پر بند ہواجب کہ کے ایس ای30انڈیکس76.14پوائنٹس کی کمی سے 19499.85پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 139.15پوائنٹس کی کمی سے 32246.94پوائنٹس کی سطح پر آ گیا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر419کمپنیوں کا کاروربار ہوا ۔مندی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت84کھرب80ارب7کروڑ86لاکھ روپے سے گھٹ کر 84 کھرب 34 ارب 20 کروڑ28لاکھ روپے ہوگئی ۔دریں اثناء گزشتہ روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید50پیسے کی کمی سے 160روپے سے گھٹ کر159.50روپے اور قیمت فروخت25پیسے کی کمی سے 160.05روپے سے گھٹ کر159.80روپے ہو گئی ۔علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت1لاکھ 11ہزار800روپے اوردس گرام سونے کی قیمت 95ہزار850روپے مستحکم رہی ۔