کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 4روز سے جاری شدید مندی کا تسلسل ٹوٹ گیا۔کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے حصص کی بھرپور خریداری کی گئی۔ جس سے کے ایس ای100انڈیکس 1008.32پوائنٹس اضافے سے 43788.08پوائنٹس پرپہنچ گیا ۔اس دوران77.91فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت ایک کھرب 45ارب38کروڑ35لاکھ روپے بڑھ گئی۔ دوران ٹریڈنگ ایک موقع پرانڈیکس43985پوائنٹس پر پہنچ گیا تاہم پرافٹ ٹیکنگ کے باعث یہ حدبرقرارنہ رہ سکی، البتہ تیزی کا رجحان آخر تک غالب رہا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس288.17پوائنٹس اضافے سے 18149.37 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 640.44پوائنٹس اضافے سے 30013.05پوائنٹس ہوگیا۔ادھرملکی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت2250روپے کمی سے 1لاکھ 4ہزار450روپے اور دس گرام سونے کی قیمت1928روپے کمی سے 89ہزار550روپے ہوگئی ۔انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید5پیسے اضافے سے 157 سے بڑھ کر157.05روپے ہوگئی جبکہ قیمت فروخت157.15روپے مستحکم رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید157 اور قیمت فروخت 157.30روپے برقراررہی ۔