کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروباری اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس 46100پوائنٹس کی سطح کو چھونے کے بعد 45600پوائنٹس کی سطح پر واپس آگیا ۔مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 13ارب روپے ڈوب گئے جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 83کھرب روپے سے کم ہو کر 82کھرب روپے رہ گیا جبکہ 55فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا ،فروخت کے دباؤ کے سبب کے ایس ای100انڈیکس 45600پوائنٹس کی سطح پر واپس آگیا ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پیر کو کے ایس ای100انڈیکس میں 48.92پوائنٹس کی کمی ہوئی جس سے انڈیکس 45654.34پوائنٹس سے کم ہو کر 45605.42پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایس ای30انڈیکس 27.72پوائنٹس کی کمی سے 19123.77پوائنٹس سے کم ہو کر 19096.05پوائنٹس ہو گیا اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 31889.53پوائنٹس سے کم ہو کر 31839.24پوائنٹس پر بند ہوا ۔دریں اثناء فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق پیر کو انٹر بینک ڈالر کی قدر 3پیسے اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر15پیسے بڑھ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 160روپے سے بڑھ کر160.10روپے اور قیمت فروخت160.25روپے سے بڑھ کر160.40روپے ہو گئی ۔علاوہ ازیں ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت 100روپے کی کمی سے 1لاکھ13ہزار200روپے ہو گئی اسی طرح85روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 97ہزار51روپے پر آ گئی ۔