کراچی ( کامرس رپورٹر )سینٹ میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی نشست پر حکومتی اتحاد کی کامیابی کے بعد سیاسی ہلچل تھمنے پرپاکستان سٹاک مارکیٹ میں پیر کو زبردست تیزی کا رجحان رہا ۔کے ایس ای 100 انڈیکس 978.51پوائنٹس اضافے سے 44566.59پوائنٹس پہنچ گیا ۔کاروباری ہفتے کے پہلے روزآغاز سے ہی تیزی کا رجحان غالب آگیا، سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے نچلی قیمت کے منافع بخش حصص کی خریداری میں بھرپوردلچسپی لی۔ادھر کے ایس ہی 30انڈیکس بھی 420.16پوائنٹس اضافے سے 18149.37 سے بڑھ کر 18569.53پوائنٹس ہوگیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 30013.05پوائنٹس سے بڑھ کر 30647.57پوائنٹس ہو گیا۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1کھرب64ارب65کروڑ24لاکھ44ہزار791روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 79کھرب57ارب 20کروڑ9لاکھ 64ہزار640روپے ہو گیا۔مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت150روپے اضافے سے 1لاکھ7ہزار150 روپے جبکہ دس گرام سونے کی قیمت129روپے اضافے سے 91ہزار864روپے ہوگئی۔انٹر بینک میں امریکی ڈالر مزید 14 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 157 روپے 14 پیسے سے کم ہو کر 156 روپے 99 پیسے ہو گئی ۔معاشی ماہرین کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی مزید سستی اورڈالر 150 روپے کے قریب پہنچ سکتا ہے ۔