کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز بھی تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 400پوائنٹس کے اضافے سے 46800پوائنٹس کی بلند سطح پر جا پہنچا ، مارکیٹ کے سرمائے میں 65ارب روپے سے زائد کااضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 84کھرب روپے کے قریب پہنچ گیا جبکہ59فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ منگل کو کاروبار کے اختتام پر 492.36پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 46375.59پوائنٹس سے بڑھ کر 46867.95پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ 272.19پوائنٹس کے اضافے سے مختلف شعبوں میں خریداری کی نئی لہر آنے سے 100 انڈیکس 5بالائی حدیں عبور کر گیا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر417کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 244کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،160میں کمی اور 13کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دریں اثناء منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید5پیسے بڑھ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید159.35 روپے اور10پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت فروخت159.40روپے سے بڑھ کر159.50روپے ہو گئی ۔علاوہ ازیں ملکی صرافہ مارکیٹوں میں150روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر1لاکھ11ہزار200روپے اوردس گرام سونے کی قیمت129روپے کے اضافے سے بڑھ کر95ہزار336روپے ہو گئی۔