کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد مندی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس116.42پوائنٹس کی کمی سے 45868.04پوائنٹس کی سطح پرآ گیااور59.33فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں19ارب1کروڑ48لاکھ روپے کی کمی ہوئی۔پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا تاہم بعد ازاں سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی جاری ہونے کے ضمن میں غیرو اضح صورتحال سے حصص فروخت کا دباؤ بڑھ گیا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس87.18پوائنٹس کی کمی سے 19060.98پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 72.94پوائنٹس کی کمی سے 31840.92پوائنٹس کی سطح پرآگیا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر391کمپنیوں کا کاروربار ہوا ۔دریں اثناا نٹر بینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدر میں20پیسے کا اضافہ ہوگیا جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی۔علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت600روپے کی کمی سے 1لاکھ 12ہزار800روپے اوردس گرام سونے کی قیمت514روپے کی کمی سے 96ہزار708روپے ہوگئی۔