اسلام آباد(انٹرویو،اظہر جتوئی)وزیر اعظم کی اقتصادی مشاورتی کونسل کے رکن اور ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی ریاست مدینہ کے تصور کو یقینی بنانے کیلئے عوام کو ٹارگٹ سبسڈی دینا ہوگی،اس سلسلے میں یونیورسل سوشل پروٹیکشن کے ڈیٹا کا استعمال کرنا ہوگا۔گزشتہ روزماہرمعیشت ڈاکٹرعابدقیوم سلہری نے روزنامہ 92 نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کی موجودہ صورتحال میں اقتصادی کارکردگی کو نہیں پرکھا جا سکتا ،ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہونے کی وجہ سے رواں سال لاکھوں پاکستانی حج، عمرہ زیارات اور بیرون ممالک سفر پر نہیں جا سکے جس سے فارن ایکسچینج بچ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کمرشل پراپرٹی کے ریٹ آسمان پر چلے گئے ہیں، کوروناکی وجہ سے کارگو شپمنٹ کی قیمتیں بڑھ جائیں گی جس سے برآمد کنندگا ن کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل تجارت کی صنعت کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے ، آن لائن کاروبار تک سب کو برابری رسائی مہیا کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سیلابوں اور قدرتی آفات کے بہتر مقابلے کیلئے ہمیں مقامی سطح پرنظام حکومت کو تقویت دینے کی ضرورت ہے ۔