کراچی (کامرس رپورٹر)گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر رضا باقر نے پاکستان کا آؤٹ لک موڈیز کی جانب سے تبدیل کر کے ’منفی‘ سے ’مستحکم‘ کیے جانے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مثبت پیش رفت حالیہ مہینوں میں اقتصادی پالیسی سازوں کی جانب سے کیے گئے سخت فیصلوں کے اعتراف کی عکاسی کرتی ہے جن میں بتدریج ایکسچینج ریٹ کی قدر میں کمی، جو کہ مئی 2019ء میں مارکیٹ پر مبنی ایکسچینج ریٹ نظام پر منتج ہوئی، بھی شامل ہے ۔ ان اقدامات سے ہماری برآمدات کی مسابقت بڑھ گئی، مہنگی درآمدات کم ہو گئیں اور ملکی صنعتوں کو یہ موقع ملا کہ وہ درآمدات کے ساتھ مقابلہ کر سکیں، اور اس کا نتیجہ کرنٹ اکاؤنٹ میں مستحکم بہتری کی صورت میں نکلا جو واجبات نکالنے کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر بڑھانے کا اہم محرّک رہا ہے ۔ اسٹاک مارکیٹ میں اضافہ بھی مارکیٹ کے بہتر ہوتے ہوئے احساسات کا ایک عکاس ہے اور اس بڑھتے ہوئے احساس کا کہ ملک کی مالیات مستحکم بنیادوں پر کھڑی ہیں۔