اسلام آباد(راجہ کاشف اشفاق)تھانہ ترنول میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ، جائے وقوعہ اور اسکے گردو نواح سے افغانستان کے چار موبائل نمبروں کے ذریعے مختلف افراد سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے ، حساس اداروں نے وفاقی پولیس کو جیو فینسنگ کے ذریعے لیڈ فراہم کر دی ہے ۔ذرائع کے مطابق تھانہ ترنول کی حدود میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت کی ذ مہ داری کالعدم تنظیم حزب الاحرار کی جانب سے قبول کیے جانے کے بعد حساس اداروں نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے جیو فینسنگ کے ذریعے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کئے ہیں جسکے بعد وفاقی پولیس کو لیڈ فراہم کی ہے ،گزشتہ روز جائے وقوعہ اور اسکے گردو نواح سے جیو فینسنگ کے ذریعے 4موبائل نمبر ٹریس کئے گئے ہیں جن کے روابط افغانستان سے بتائے جاتے ہیں اور اسکے حوالے سے ذرائع نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6سے زائد افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر ان سے تفتیش بھی کی جارہی ہے ۔ دوسری جانب دو روز قبل چیف کمشنر آفس کی جانب سے اینٹی ٹیررازم ایکٹ 1997 کے سیکشن 19 کے تحت 9 رکنی جی آئی ٹی بھی تحقیقات کیلئے تشکیل دے دی گئی ہے جس کا پہلا رسمی اجلاس آج ( پیر ) ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں پولیس ہیڈ کوارٹر میں ہو گا جس میں اب تک کی پیش رفت سے کمیٹی کو آگاہ کیا جا ئیگا اور جیو فینسنگ کی رپورٹ بھی پیش کی جائیگی۔