پشاور، اسلام آباد،لاہور، کراچی،ڈیرہ اسماعیل خان ( نیوز رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک،سپیشل رپورٹر، نامہ نگار خصو صی ، سٹاف رپورٹر،این این آئی ) چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ کو نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا،خیبر پختو نخوا میں یوم سو گ منایا گیا،سرکاری عمارتوں پر قو می پر چم بھی سرنگوں رہا،وکلا کی جانب سے بھی ملک بھر میں یوم سوگ منایا گیا۔عدالتوں میں کیسز کی سماعت منسو خ کر دی گئی، اہم شخصیات کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔ کرنل شیرخان سٹیڈیم میں نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان ، کورکمانڈر پشاور،صوبائی وزرا ،جج صاحبان،آئی جی خیبر پختونخوا ،ترجمان صوبائی حکومت کامران بنگش، غلام بلور، میاں افتخار حسین ،وکلاء اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثناوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جسٹس وقار احمد سیٹھ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے تعزیتی بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند اور اہل خانہ کو صبرو جمیل عطا فرمائے ۔چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ مرحوم جسٹس وقار احمد سیٹھ ایک ایماندار اور فرض شناس جج تھے ۔ ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ ملک ایک نامور جج کی خدمات سے محروم ہو گیا ۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ جسٹس وقار سیٹھ ایک بہترین جج تھے ۔وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے خدمات کو سراہا ۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا ۔گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان اور جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن نے بھی انتقال پردلی رنج وغم کا اظہارکیا اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت کی ہدایت پرجمعہ کے روز پورے صوبے میں سوگ منایا گیا اور تمام سرکاری عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ پاکستان بار کو نسل ، سپریم کورٹ بار ،لاہور ہائیکورٹ بار ، اسلام آباد ہائیکورٹ بار،سندھ ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کی جانب سے گزشتہ روز یوم سو گ منایا گیا،اس موقع پرعدالتوں میں کیسز کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔وکلا رہنماؤں نے افسو س کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ جسٹس وقار احمد سیٹھ ایک بہادر جج تھے ،ہمیشہ دلیرانہ فیصلے کیے ۔دریں اثناء وفاقی وزرات قانون نے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کی وفات کے بعد جسٹس قیصر رشید کو پشاور ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کر دیا ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق جسٹس قیصر رشید کوآئین کے آرٹیکل 196 کے تحت قائم مقام چیف جسٹس بنایا گیا ، مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی کا فیصلہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کریگا ۔