پشاور (این این آئی) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے عالمی امن کانفرنس کے بعدکابل میں افغان صدر اشرف غنی سے خصوصی ملاقات کی ہے ۔ اس موقع پر اسفندیار ولی خان نے کہا کہ مذاکراتی دور پھر سے شروع ہونا چاہئے لیکن مذاکرات صرف اسی صورت میں تمام افغانوں کیلئے قابل قبول ہونگے ، جب یہ مذاکرات افغان حکومت کی سربراہی میں ہوں، انہوں نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں بلکہ امن اور صلح کے ذریعے مسائل کا پائیدار حل تلاش کیا جا سکتا ہے ۔افغان مسئلے کے حل کیلئے تجویز پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ،چین اور روس ثالث کا کردار ادا کریں اور اس دوران پاکستان اور افغانستان مل بیٹھ کر اپنے مسائل کا حل تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت پاکستان کے ساتھ غلط فہمیوں کے خاتمے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کر ے ۔اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ خطے میں جاری جنگ کی وجہ سے ڈیورنڈ لائن کی دونوں جانب پشتون ہی نقصان اٹھارہے ہیں، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ عوامی اور حکومتی سطح پر جنگ کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں،افغان صدر کا کہنا تھا کہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران انہوں نے پاکستانی قیادت پر واضح کیا تھا کہ اگر غربت، توانائی بحران اور دیگر مسائل پر قابو پانا ہے تو افغانستان کے ساتھ دوستی کا ہاتھ صدق دل سے بڑھانا ہوگااور اس سلسلے میں اپنے وعدے پورے کرنے ہوں گے ۔