کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لئے فعال کردار ادا کررہی ہے ، سی پیک گیم چینجر ہے ، ترقیاتی منصوبوں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچانا پی ٹی آئی حکومت کے منشور میں شامل ہے ، بہتر حکمت عملی اور پالیسی کے بدولت پہلی بار مسئلہ کشمیر سے متعلق پاکستان کے موقف کو دنیا میں بھرپور پذیرائی حاصل ہورہی ہے ۔ یہ بات انہوں نے ہفتے کو کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں کلی درانی میں حالیہ شدید برفباری اور بارشوں سے متاثرہ 100 خاندانوں میں پاکستان ہلال احمر کی جانب سے امدادی اشیاء تقسیم کرنے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر انہوں نے امدادی سامان کے پیکٹ میں کمبل ، کچن ، میڈیکل اور دیگر ضروری اشیاء تقیسم کیں۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں ملک کے دیرینہ مسائل بتدریج حل ہورہے ہیں، حکومتی اداروں کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے جس کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے ، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نوابزادہ شریف جوگیزئی اور دیگر افراد بھی موجود تھے ۔