کبیروالا(نامہ نگار) پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا،ماضی کی غلطیوں اور کوتاہیوں کا خمیازہ پاکستان کو سنگین بحرانوں کی صورت میں بھگتنا پڑرہا ہے ، بدقسمتی سے پاکستان کی برآمدات اس خطے میں بنگلہ دیش اور ویتنام سے بھی کم ہیں، حکومت،ملکی برآمدات بڑھانے کے سلسلے میں ترجیحی اقدامات اٹھا رہی ہے ، ہمیں اپنی نوجوان نسل کو چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تیار کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخرامام نے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پلوامہ واقعہ کے بعد پاکستان پر جارحیت کا منہ توڑ جواب پیغام تھا کہ کسی بھی جارحیت کا پاکستان بھرپور جواب دے گا، بھارت کی جانب سے پانچ اگست2018ء کا اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں اور شملہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے ۔ پاکستان کا موقف ہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبے کو غلط طور پر پرکھ رہا ہے ، اس وقت کشمیر دنیا کا واحد خطہ ہے ،جہاں آٹھ لاکھ پچاس ہزار قابض افواج موجود ہیں تاہم کشمیریوں کی جدوجہد جاری ہے ۔ تمام تر ظلم و تشدد کے باوجود کشمیریوں کی آزادی کا جذبہ ماند نہیں پڑا۔