کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز غیرمعمولی تیزی دیکھنے میں آئی اوراسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں متوقع کمی اور گردشی قرضوں کیلئے 250ارب روپے کی بانڈ کی اجراء منظوری کے پیش نظر سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی بھرپور خریداری کی گئی جس سے کے ایس ای100انڈیکس 38ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے 827.67 پوائنٹس اضافے سے 38411.56پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیاجب کہ 71.60فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 1کھرب45ارب16کروڑ روپے بڑھ گئے اور کاروباری حجم بھی گذشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 26.29 فیصدزائدرہا۔ گزشتہ روزکاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور آئی ایم ایف کی جانب سے 250ارب روپے کے بانڈ کی اجراء کے لئے اجازت ملنے کے پیش نظر بینکنگ،توانائی،سیمنٹ،فوڈز،اسٹیل اورکیمیکل سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹرکی پرکشش قیمتوں پرخریداری کے باعث زبردست تیزی دیکھنے میں آئی جس کے نتیجے میں دوران ٹریڈنگ کے ایس ای 100 انڈیکس 38452پو ائنٹس کی بلندسطح پر بھی ریکارڈ کیاگیا بعد ازاں انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرارنہ رہ سکا لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100ا نڈ یکس 827.67پوائنٹس اضافے سے 38411.56پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای30 انڈیکس 403.91 پوائنٹس اضافے سے 17744.44 پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس 1329.26پوائنٹس اضافے سے 62549.91 پوائنٹس۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر 412 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 295 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،98کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔