کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے پولیس کو 2 سگے بھائیوں سمیت 70 سے زائد لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا حکم دیدیاہے ۔جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے لاپتہ افراد کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے پولیس کو آئندہ سماعت 19 مارچ تک لاپتہ افراد بازیاب کراکررپورٹ پیش کرنیکا حکم دیتے ہوئے ڈی جی رینجرز،آئی جی اوردیگرحکام سے بھی جواب مانگ لیا ہے ۔بچوں کی بازیابی سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس نے سندھ ہائیکورٹ میں سفارشات پیش کردیں،جس پر عدالت نے 15 لاپتہ بچوں کو فوری بازیاب کرانے کا حکم دیتے ہوئے 18 مارچ کو پولیس سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ عدالت نے کہا کہ دیکھا جائے لاپتہ بچے کہیں غیرقانونی سرگرمیوں میں تو استعمال نہیں کئے جارہے ۔ عدالت نے لاپتہ بچوں کی تصاویر الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں شائع کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔