اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے فرانس سے سفارتی و اقتصادی تعلقات ختم کرنے سے متعلق کیس میں وزیراعظم عمران خان اور سیکرٹری کابینہ ڈویژن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر28اکتوبر کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل نے کہاکہ توہین عدالت کی درخواست آنے کے بعد معاملہ وفاقی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا گیا،عدالت نے سماعت9 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ شہدا فاؤنڈیشن نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کررکھی ہے ۔ادھرسابق وزیر اعظم نوازشریف کو اشتہاری قرار دیئے جانے کے معاملہ میں دفتر خارجہ نے اشتہارات کی تعمیل کے شواہداسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروا دیئے ۔وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر یورپ مبشر خان کی طرف سے جمع کرائی گئی دستاویزات میں نوازشریف کے اشتہار کی برطانیہ میں تشہیر سے متعلق اضافی دستاویزات کے علاوہ رائل میل کے ذریعے تعمیل کے شواہد جمع کرائے گئے ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق اور جسٹس غلام اعظم قمبرانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے جج ویڈیو کیس کے ملزم فیصل شاہین کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل کا کہناتھاکہ ناصر بٹ نے جج ارشد ملک کیساتھ ملاقات کی ویڈیودھوکہ سے بنوائی، ناصر بٹ نے بزنس میٹنگ کا کہہ کر ویڈیو بنوائی۔عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کیساتھ سماعت ملتوی کردی۔اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت کوبتایاگیا کہ عدالتی ہدایات کی روشنی میں وفاقی حکومت نے زرعی ترقیاتی بینک کا بورڈ تشکیل دینے کیلئے فنانس ڈویژن کی سمری کابینہ ڈویژن کو ارسال کردی ہے ۔زرعی ترقیاتی بینک کے افسران کی تنزلی کیخلاف درخواست پر سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ نے بتایاکہ آئندہ چند روز میں سمری منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی، عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔