پیرس(نیٹ نیوز)سابق فرانسیسی وزیر اعظم ایدوارد بالادور کے خلاف 90ء کی دہائی میں ہتھیاروں کے سودے میں رشوت کے الزامات پر مقدمہ آج سے پیرس میں کورٹ آف جسٹس میں شروع ہوگا، یہ کیس ’’کراچی افیئر‘‘ کے نام سے مشہور ہے ۔ فرانسیسی وزرا کے خلاف بدعنوانی کے کیسز کی سماعت بالعموم اسی عدالت میں ہوتی ہے ۔اکیانوے سالہ بالادور کا نام فرانس کے ان اہم سیاستدانوں کی فہرست میں شامل ہو گیا جن پر کرپشن کے مقدمات چلائے گئے ، ان میں سابق صدر نکولا سارکوزی اور ان کے پیش رو ژاک شیراک بھی شامل ہیں۔وزیر دفاع فرانسوا لیوٹارڈ بھی 'کراچی افیئر‘ میں ملزم ہیں تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ علالت کی وجہ سے وہ عدالت میں حاضر ہوسکیں گے یا نہیں۔ دونوں رہنماؤں پرالزام ہے کہ انہوں نے 1993 سے 1995 کے درمیان پاکستان کو سمندری آبدوز اور سعودی عرب کو جنگی جہاز فروخت کرنے کے معاملے میں کارپوریٹ اثاثوں کا بے جا استعمال کیا۔سودے میں تیرہ ملین فرینک یعنی تقریباً 33 کروڑ ڈالر کی رشوت لی گئی تھی۔