غزنی(مانیٹرنگ ڈیسک،ایجنسیاں) افغانستان میں فوجی اڈے اور قافلے پر حملوں میں 34افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔ غزنی کے فوجی کمانڈوز کے اڈے میں بارود سے بھری ملٹری گاڑی داخل ہوئی، رہائشی کمروں کے قریب زوردار دھماکے سے پھٹ گئی، 31اہلکار ہلاک ،24زخمی ہوگئے ، زابل کے صوبائی سربراہ کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا عطاجان محفو ظ رہے ،3محافط ہلاک جبکہ بچوں سمیت 12افراد زخمی ہو گئے دھماکو ں کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔افغان میڈیا کے مطابق خود کش حملے میں آرمی کی گاڑی نہیں بلکہ ایک کار استعمال ہوئی تاہم ایک افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ دھماکے کے لیے ملٹری گاڑی استعمال کی گئی۔دوسری جانب صوبے زابل کے کونسل سربراہ کے قافلے پر بھی خود کش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں صوبائی کونسل چیف کے 3 محافظ ہلاک ہوگئے اور 12 افراد زخمی ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شہر غزنی کے فوجی اڈے میں بارود سے بھری ملٹری گاڑی داخل ہوئی اور رہائشی کمروں کے قریب زوردار دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں 31 فوجی ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے ۔دونوں خود کش حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی شدت پسند گروپ نے قبول نہیں کی ہے ، طلبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی جانب سے رابطہ کرنے پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید یا تصدیق نہیں کی تاہم پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔