لاہور(احتشام الحق) انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے ، ٹیم ذرائع کے مطابق میچ والے دن پچ دیکھ کردو سپنریا چار فاسٹ باؤلر کو فائنل الیون میں شامل کیا جائے گا۔قومی ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے میچ کے لئے ٹیم میں کسی بڑی تبدیل کی کوئی توقع نہیں ہے ۔ٹیم کے اوپنرز شان مسعود اور عابد علی ہی ہوں گے جبکہ مڈل آرڈر میں ایک بار پر کپتان اظہر علی، بابر اعظم اور اسد شفیق پر ہی انحصار کیا جائے گا۔ وکٹ کیپر محمد رضوان ہوں گے جبکہ فاسٹ باؤلرز میں شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور شاہین شاہ کے علاوہ یاسر شاہ شامل ہوں گے ۔ تاہم ساؤتھمپٹن میں ایجز باؤل کی پچ پر قدرے ہریالی موجود ہے تاہم ابھی میچ میں دو دن باقی ہیں جس وران پچ میں تبدیلی کی جا سکتی ہے ۔ ٹیم ذرائع کے مطابق اگر پچ گرین رہی تو ممکن ہے کہ چوتھا فاسٹ باؤلر شامل کر لیا جائے جس صورت میں سہیل خان ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں تاہم سپن وکٹ کی صورت میں دو سپنر ہی کھلائے جائیں گے تاہم اس کے لئے شاداب خان اور کاشف بھٹی میں سے کسی ایک کو شامل کیا جائے ۔