اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں،نیٹ نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں احتسابکا عمل بلا تفریق جاری رہیگا۔کرپشن کے مقدمات میں ملوث لوگ ٹی وی پر آکر خود کو سیاسی شہید بنا رہے ہیں اور سزایافتہ افراد قوم کو گمراہ کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روزوزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیر اعظم آفس میں حکومتی ترجمانوں کا اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے شرکا کو اپنے دورہ امریکہ پر اعتماد میں لیا اور مزید کہا کہ کرپٹ سیاستدانوں کو جانے نہیں دونگا،انہوں نے قانون اور سسٹم کا مذاق بنا کر رکھ دیا ہے ، وقت آ گیا ہے کہ کرپٹ عناصر کو انکے انجام تک پہنچایا جائے ۔حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ملک معاشی بحران سے نکل آیا ہے ۔ حکومت اشیائے ضروریہ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دے رہی ہے ۔ وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کا مثبت چہرہ قوم کے سامنے لائیں ۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اپوزیشن کی احتجاج تحریک کیخلاف سخت لائحہ عمل اپنانے اور سخت ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر کرپٹ سیاستدانوں کو انجام تک پہنچانے کا اعلان کیا اور کہا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے ۔ چاہتا ہوں تمام ادارے اپنے پائوں پر کھڑے ہوں اور شفاف انداز میں بغیر کسی خوف کے انصاف فراہم کریں۔اجلاس میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ شرکا نے چیئرمین سینٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق نمبر گیم سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔وزیراعظم نے اپوزیشن کے احتجاج کوروکے جانے کانوٹس لیتے ہوئے انہیں فری ہینڈدینے کا فیصلہ کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ اپوزیشن احتجاج میں عوام کی عدم دلچسپی کے باعث خودہی بے نقاب ہوجائیگی۔ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کی ریلیوں، مظاہروں اور جلسوں کے دوران پولیس کی کارروائیوں اور پکڑ دھکڑ پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ انتظامیہ کی غلطی کی وجہ سے ناخوشگوارواقعہ کو زیادہ اہمیت مل جاتی ہے جبکہ ریلیوں اور مظاہروں کے ذریعے اپوزیشن کو بے نقاب ہونے دیا جائے ۔ سیاسی کارکنوں پر تشدد مقدمات اور پکڑدھکڑ نہ کی جائے ۔ خیبرپختونخوا اور سندھ میں پرامن طورپر ان مظاہروں کے حوالے سے صورتحال سے نمٹا گیا۔ کسی جگہ بھی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہئے اور مستقبل میں اس سے بچا جائے ۔ وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمٰن کے حکومتی ٹیم سے ملاقات کے حوالے سے این آراو کے دعویٰ پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور اس حوالے سے سینٹ میں پی ٹی آئی کے قائد ایوان سینیٹر شبلی فرازکو صورتحال سے آگاہ کرنے کی ہدایت کردی گئی ۔ وزیراعظم نے سینٹ کے وقار کی خاطر حکومتی ٹیم کے مختلف جماعتوں بالخصوص بلوچستان کی جماعتوں سے رابطوں پر اعتماد کا اظہارکیا۔ عمران خان سے سینٹ میں قائد ایوان اور بعض حکومتی ترجمانوں نے اپوزیشن کی سرگرمیوں سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔علاوہ ازیں قبائلی ضلع سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے نومنتخب آزاد رکن غزن خان اور سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر غازی گلاب جمال حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ۔ وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابقوزیراعظم عمران خان سے صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم ہونیوالے قبائلی علاقہ سے نومنتخب آزاد ایم پی اے غزن خان اور سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر غازی گلاب جمال نے ملاقات کی اور پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔ملاقات کے دوران غزن خان اور غازی گلاب جمال نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی موجود تھے ۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان سے ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل نے ملاقات کی۔ عمران خان نے مولانا طارق جمیل کا وزیراعظم ہائوس آمد پر پرتپاک استقبال کیا،ملاقات میں باہمی دلچسپی ، مذہبی ہم آہنگی اور دیگر مذہبی حوالوں سے بات چیت کی گئی،اس موقع پروزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے وزیر اعظم عمران خان سے انکے آفس میں ملاقات کی ۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ محمود خان اور وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات میں صوبہ خیبر پختونخوا کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا ۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے چین کی8 ٹیکسٹائل کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی۔چینی صنعتکاروں نے پاکستان کے ٹیکسٹائل شعبہ میں سرمایہ کاری میں اظہاردلچسپی کیا۔وزیراعظم نے چینی تاجروں کو منافع بخش سرمایہ کاری کیلئے ہرممکن سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سرمایہ کاروں کوتاجردوست ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ سرمایہ کاروں کیلئے نئی پالیسی پر عمل کرینگے ۔حکومتی پالیسیوں کامقصدمختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کافروغ ہے ۔حکومتی اقدامات سے سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع ملیں گے ۔ چینی وفد کی قیادت چیئرمین شنگھائی انڈسٹری ہوآنگ ویگو نے کی، اس موقع پر مشیر تجارت رزاق داؤد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی بھی موجود تھے ۔دریں اثنا وزیراعظم سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے ملاقات کی جس میں ملک میں حالیہ بارشوں کے دوران سیلاب کی صورتحال اور اسکی تباکاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق اس موقع پر وزیر اعظم کو ملک میں ہونیوالی حالیہ بارشوں ،سیلاب اور ان سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور ملک میں مون سون بارشوں کی وجہ سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا ۔