اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی)وفاقی حکومت نے نوازشریف اور آصف زرادری کے بعد سابق صدر ممنون حسین، سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی،راجہ پرویزاشرف اور انکے اہل خانہ کے بیرون ملک دوروں اور علاج معالجے پر اٹھنے والے اخراجات کی تحقیقات اور وصولیاں کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت خارجہ اور سیکرٹری کابینہ ڈویژن آج وفاقی کابینہ کو بیرون ملک دوروں پر اٹھنے والے اخراجات، پی آئی اے کو کاروباری نقصان کی تفصیلات پر رپورٹ پیش کریں گے ۔ گذشتہ دس سال کے دوران بیرون ملک لابنگ کیلئے غیرملکی فرموں کو ادا کئے گئے کروڑوں روپے کی رپورٹ بھی آج اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ 92نیوز کوموصول سرکاری دستاویز کے مطابق سیکرٹری کابینہ ڈویژن نیشنل ہیلتھ سروسزسے مشاورت کے بعد پچھلے دس سال کے دوران سابق وزرائے اعظم،صدور، انکے اہل خانہ اور دیگر افراد جو بیرون ملک ساتھ گئے ، کے میڈیکل اخراجات کی تفصیل آج پیش کریں گے ۔ عدم ادائیگی پر متعلقہ شخصیات کے خلاف کیسز نیب اور ایف آئی اے کو ارسال کئے جائیں گے ۔ پی ایم آفس پچھلے دس سال کے دوران سابق وزرائے اعظم کی جانب سے پی ایم آفس کے بجٹ کے غیر منصفانہ اخراجات کی تحقیقات کے ساتھ کیمپ آفس اور سابق وزرائے اعظم کی ذاتی رہائش گاہ پر عوام کے پیسے سے کیے جانے والے اخراجات کی جانچ پڑتال کرکے رپورٹ پیش کریگا۔ 9 جولائی کو آصف زرداری، نواز شریف، شاہد خاقان عباسی کے بیرون ملک دوروں سے متعلق تفصیلات پیش کی گئیں، وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت خارجہ ایک اور رپورٹ آج کابینہ کو پیش کریگی جس میں یوسف رضا گیلانی ، پرویز اشرف کے بیرون ملک دوروں کی تفصیلات ہونگی۔وزارت خارجہ پچھلے دس سال کے دوران سابق وزرائے اعظم اور صدور اور انکے اہل خانہ کی جانب سے دیگر متعلقہ اخراجات کی تفصیلات بھی پیش کریگی۔نیشنل ہیلتھ سروسزسے مشاورت سے پچھلے دس سال کے دوران سابق وزرائے اعظم،صدر ان کے اہل خانہ اور دیگر افراد جو بیرون ملک ساتھ گئے ا نکے میڈیکل اخراجات کی تفصیل بھی پیش کی جائے گی ۔ایوی ایشن ڈویژن پچھلے دس سال کے دوران سابق وزرائے اعظم،صدرکی جانب سے پی آئی اے کے طیاروں کے استعما ل کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے حوالے سے آگاہ کریگا۔وزارت خارجہ تمام متعلقہ ایجنسیز سے مشاورت کے بعد پچھلے دس سال کے دوران حکومتوں کی جانب سے لابنگ فرمز کو کی جانیوالی ادائیگیوں کی تفصیلات اکٹھی کریگی۔