لاہور ،اسلام آباد ،گھوٹکی (خصوصی نمائندہ ، سپیشل رپورٹر، نمائندہ 92نیوز،92نیوز رپورٹ ، نیوزایجنسیاں )وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر اعظم کو بجٹ حکمت عملی سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ کو بہترین بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ملاقات میں صوبے کی مجموعی صورتحال، خصوصاً امن و امان اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔وزیر اعظم نے کہا ماضی کے حکمرانوں نے ملک کا خزانہ لوٹا ، اب ایسا نہیں ہوگا۔گزشتہ ادوار کے نتائج آج بھگت رہے ہیں۔موجودہ حکومت میں کوئی سوچے بھی نہ کہ عوام کے پیسے پر کوئی عیاشی کرے گا۔ عوام کا پیسہ صرف عوام پر لگے گا۔سب کو بتادیں کرپشن برداشت نہیں کروں گا۔ عثمان بزدار بہترین کام کررہے ہیں۔جنوبی پنجاب کے عوام کے احساس محرومی کو دو ر کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے کہا اب پاکستان مثبت سمت پر چل نکلا ہے ، بہت جلد اثرات سامنے آئیں گے ۔پنجاب میں عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ ترقیاتی سکیموں پر فوری کام شروع کیاجائے تاکہ عوام کو اس کے نتائج مل سکیں۔ وزیر اعظم اپنے عزیز ہمایوں زمان خان کی وفات پر تعزیت کیلئے ان کے گھر بھی گئے ۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سابق وفاقی وزیر مرحوم علی محمد خان مہر کے سوگواران سے تعزیت کیلئے گھوٹکی میں ان کی رہائشگاہ پہنچے ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزرا ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، محمد میاں سومرو، ممبر قومی اسمبلی غوث بخش مہر،جہانگیر ترین اور دیگر بھی ساتھ تھے ۔وزیراعظم نے مرحوم علی محمد خان مہر کی وفات پر ان کے بھائی سردار علی گوہر خان مہر، سردار علی نواز خان مہراور مرحوم کے صاحبزادے سردار احمد علی خان مہر سے تعزیت کی اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان اور جہانگیر ترین نے بند کمرے میں علی گوہر مہر، علی نواز مہر، احمد علی مہر،حاجی خان مہر سے آدھے گھنٹے تک ملاقات بھی کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں این اے 205 گھوٹکی کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعظم اور وفاقی وزرانے علی گوہر مہرکے ظہرانے میں بھی شرکت کی جس کے بعد وہ لاہور آ گئے ۔ وزیر اعظم کی لاہور آمد کے موقع پر پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ وزیراعظم کی زمان پارک رہائشگاہ پر پولیس نے مزید نفری تعینات کردی اور قرب وجوار میں سرچ بھی آپریشن کیا۔ سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار زمان پارک کے قرب وجوار میں موجود رہے ۔ پولیس کے ماہر نشانہ باز اہلکاروں کو چھتوں پر تعینات کیا گیا تھا جبکہ پٹرولنگ پولیس زمان پارک کے قرب وجوار میں گشت پر مامور رہی۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے قناعت پر مبنی زندگی بسر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عظیم دانشور اور فلسفی خلیل جبران کے قول کا حوالہ دیا کہ زندگی خدمت کا نام ہے اور اسی میں مسرت ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا جو خلیل جبران کی بصیرت کو سمجھنا چاہتے ہیں وہ قناعت پر مبنی زندگی بسر کرنے کیلئے ان کے ان الفاظ پر غورکریں جس میں انہوں نے کہا میں سویا اور خواب دیکھا کہ زندگی خوشیوں سے بھرپور ہے ۔ میں جاگا اور دیکھا کہ زندگی خدمت کا نام ہے ۔ میں نے خدمت کی اور جانا کہ خدمت میں ہی مسرت ہے ‘‘