ملتان(اے پی پی ) تحریک پاکستان کے رہنماء اور سابق وزیراعظم حسین شہید سہروردی کو ہم سے بچھڑے 55برس بیت گئے ۔ حسین شہید سہروردی 8ستمبر 1892ء کو مغربی بنگال کے علاقے مدناپورمیں پیداہوئے ۔ حسین شہید سہروردی نے کلکتہ یونیورسٹی سے عربی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، اس کے بعد آکسفورڈ یونیورسٹی سے وکالت کا امتحان پاس کیا،آپ بنگال کی قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے اور کلکتہ خلافت کمیٹی کے سیکرٹری کی حیثیت سے بھی کام کیا۔ 1946ء کے انتخابات کے بعد حسین شہید سہروردی نے بنگال میں مسلم لیگ کی حکومت قائم کی۔ 1949ء میں آپ نے مشرقی پاکستان عوامی مسلم لیگ قائم کی اور 1953ء میں اسے عوامی لیگ کانام دیا۔ 12ستمبر 1956ء کو حسین شہید سہروردی پاکستان کے پانچویں وزیراعظم منتخب ہوئے ۔ اکتوبر1957ء میں انہیں استعفی دینے پر مجبور کردیاگیا،استعفے کے بعد وہ پاکستان چھوڑ کرچلے گئے اور 5دسمبر 1963ء کو بیروت میں ان کا انتقال ہوا۔