لاہور؍کراچی (اپنے نیوزرپورٹرسے ؍ سٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نے گجرات پولیس فنڈز کرپشن کیس میں ملوث سابق ڈی پی او گجرات کامران ممتاز کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ اسی کیس میں جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں موجود ملزم رمیض راجہ سے مزید تفتیش کی ضرورت نہیں، اس کی حد تک تفتیش مکمل ہو چکی ہے ۔ عدالت نے نیب کی استدعا پر ملزم رمیض راجہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔احتساب عدالت نے آئی جی آفس پنجاب پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں گرفتار 16 سٹینو گرافرز کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 9 روز جبکہ ایک ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 10 روز کی توسیع کر دی۔گرفتار ملزمان میں راشد محمود، عبدالقیوم، محمودالحسن، شاہد امین، عابد مقبول، یاسر علی، ریحان انور، محمد نعیم، محمد آصف، عمران، طارق اور فیصل مشتاق وغیرہ شامل ہیں۔احتساب عدالت نے زرعی ترقیاتی بینک کرپشن کیس میں ملزم ذوالقرنین کے جوڈیشل ریمانڈ میں 8 فروری تک توسیع کر دی، بدھ کو بھی ملزم پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔احتساب عدالت نے پاک عرب ہائوسنگ سوسائٹی کرپشن کیس میں گرفتار سوسائٹی کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر غلام مصطفیٰ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔نیب کراچی کی ٹیم نے عریشہ کو آپریٹو سوسائٹی کے چیئر مین ظفر نہال کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان نیب کے مطابق ملزم ظفر نہال نے غیر قانونی طور پر سرکاری اراضی پر قبضہ کیا اور تقریبا70کروڑ روپے لوگوں سے جعل سازی کے ذریعے لوٹے ۔