احمد اعجاز

 

’’انتخابی نظام میں قانون سازی کی نہیں ، قانون پر عملدرآمد کی ضرور ت ہے‘‘

’’جو لوگ ووٹ کے تقدس کے خلاف کھیلتے ہیں ،وہ ملکی سلامتی کے خلاف کھیلتے ہیں‘‘

طارق ملک دوہزار تیرہ کے عام انتخابات کے وقت ملک میں ایک اہم ادارے نادرا کے چیئرمین تھے۔انتخابات کے بعد جب دھاندلی کا شور اُٹھا اور نادراکی خدمات لینے کی بات کی گئی تو حکومت اور نادرا کے چیئرمین کے مابین معاملات خراب ہوتے چلے گئے۔اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ طارق ملک کو استعفیٰ دینا پڑاور پھر ملک چھوڑ کر جانا پڑا۔طارق ملک ایک محب وطن شہری ہیں اورایک اہم ادارے کا سربراہ تھے،کو ملک کیوں چھوڑ کر جانا پڑا،ایسے کیا حالات پیدا ہوئے کہ اُن کو استعفیٰ دینا پڑا؟یہ باتیں اس ملک کا ہر باشعور شہری جانتا ہے۔اس وقت طارق ملک پاکستان میں ہیں ،ان سے طویل نشست ہوئی ۔یہاں اُن سے ہونے والی گفتگو قارئین کی خدمت میں پیش کی جاتی ہے:

٭آپ کیا سوچ کر پاکستان واپس آئے ہیں۔وہ کون سا ایسا جذبہ ہے ،جو آپ اپنے ملک کھینچ لایا ہے؟

٭٭میرا سٹیک یہ ہے کہ پاکستان اچھا ہو،تاکہ ہم باہر جب جائیں تو وہاں اچھے لگیں۔جب ہم باہر جاکر پاکستان کے حوالے سے تعارف نہیں کرواتے تو دُکھ ہوتا ہے ۔مثال کے طور پر یو این ڈی پی اپنے ملازم کے بارے کہتا ہے کہ یہ ہمارا ایمپلائی ہے۔امریکہ میں ہم ملازمت کریں توامریکہ کہتا ہے کہ یہ ہمارا ایمپلائی ہے ۔اسی طرح ہم کینیڈا میں جا کر ملازمت کریں تو کینیڈین کہتے ہیں کہ یہ ہمارا ہے۔لیکن ہم پاکستانیوں کو اندرسے پتا ہوتا ہے کہ ہمارا کون ہے۔صاف ظاہر ہے کہ ہمارا تو پاکستان ہے۔یہ جو اندر کی بات ہوتی ہے ،یہی مجھ اور میرے جیسے کئی پاکستانیوں کو یہاں کھینچ لاتی ہے۔ہم یہاں کام کرنا چاہتے ہیں ،ہم یہ کہلوانا چاہتے ہیں کہ یہ پاکستان کا ایمپلائی ہے ،مگر یہاں آنے والوں کو کام نہیں کرنے دیا جاتا اور ایک بار پھر ہم باہر چلے جاتے ہیں ۔اس طرح ہم جو دوکشتیو ں کے سوار ہوتے ہیں ،ہمیشہ دِل میں یہ تمنا رکھتے ہیں کہ پاکستان جینوئین طریقے سے آگے بڑھے اور یہاں کے لوگوں کوپاکستان کے اندر قبول کیا جائے ۔

٭لیکن ہمارا مشاہدہ یہ کہتا ہے کہ ان دوکشتیوں پر سوار افراد کو معلوم ہوتا ہے کہ ہم واپس جار ہے ہیں تو رُسوا ہو کر پھر واپس آنا پڑے گا،یہ پھر بھی واپس آجاتے ہیں ،آخر کیوں؟

٭٭یہ ملک سے بے پایاں محبت ہوتی ہے ،جو واپس لے کر آتی ہے ۔محبت کا مطلب ہے کہ اصولوںپر کھڑے ہو جانا۔محبت اصولوں اور آدرش کے لیے کھڑے ہونے کا نام ہے ۔

٭کیا یہ آدرش کا جذبہ صرف اُن لوگوں میں موجود ہوتاہے جو باہر چلے جاتے ہیں اور دُور بیٹھ کر پاکستان سے محبت کرنے لگ پڑتے ہیں؟

٭٭بالکل!یہ اُن لوگوں میں ہے جو باہر چلے گئے ہیں ۔واضح رہے کہ انہیں لوگوں کی وجہ سے ہماری اس سوسائٹی میں تبدیلی آتی ہے اور آرہی ہے ۔ایک نیا Perspective آتاہے اور آرہا ہے ۔ان لوگوں کی وجہ سے یہاں اب یہ بیانیہ آرہا ہے کہ جب پاکستان کے لوگ باہر جا کر کامیاب زندگیاں گزارتے ہیں اور زندگی کے تمام شعبوں میں کامیاب رہتے ہیں تو وہ اپنے ملک میں کامیاب زندگیاں کیوں نہیں گزار سکتے ہیں؟ایسا صرف ہمارے ساتھ نہیں ہے ۔ باقی ممالک میں ،جہاں تبدیلی آئی، ایسا ہی ہوا۔چین کو تبدیل کس نے کیا ؟چین کو تبدیل Overseas Chinese(بیرون ملک مقیم چائینز)نے کیا۔یہی انڈیا کے ساتھ ہوا۔منموہن سنگھ اور دیگر کچھ لوگ باہر سے پڑھ کر اور ویژن لے کر انڈیا آئے اور وہاںتبدیلی کا باعث بنے۔یہاں کے لوگوں کو کہا جاتا ہے کہ دہری شہریت چھوڑ دیں ۔یہ کوئی مسئلے کا حل نہیں ۔ہمیں یعنی باہر کے رہنے والوں کو یہاں قبول نہیں کیا جاتا لیکن ہم اپنے ملک کو قبول کرتے ہیں اور اس سے محبت کررہے ہوتے ہیں کہ ہم یہاں پیدا ہوئے ہیں ۔یہاں پلے بڑھے ہیں ،یہاں خواب دیکھے ہیں ،یہاں ہمارے آبائو اجداد کی قبریں ہیں ۔یعنی اس ملک سے محبت کے کئی حوالے ہیں۔

٭آپ کو ملک سے باہر گئے پانچ سال ہوگئے ۔آپ نے باہر بیٹھ کر اس ملک میں اس عرصہ میں کیا تبدیلی ہوتی محسوس کیں؟

٭٭مَیں نے اس عرصہ میں یہ دیکھا ہے کہ لوگ سوالات کرنا شروع ہو چکے ہیں ۔جب حکومتیں یہاں کے عوام اور میڈیا کو دبانے کی کوشش کرتی ہے تو لوگ اُس قدر سوالات کرتے ہیں۔سوشل میڈیا اور موبائل فونز نے تبدیلی میں بڑا حصہ ڈالا ہے ۔اب لوگ ایک طرف نہیں دیکھتے وہ ایک خبر کو بھی کئی زاویوں سے دیکھتے ہیں اور پرکھتے ہیں ۔اس تبدیلی نے اشرافیہ یا سیاسی مفادات طبقہ یا دیگر مفاداتی طبقہ جات کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا کر رکھ دی ہے ۔ اس لیے یہ طبقات خوف زدہ ہیں ۔یہ تبدیلی آکر رہے گی ،جو اس کو روکتے ہیں ،وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ۔اس تبدیلی کو کنٹرو ل کرنے کے لیے ایسے لوگوں کو چاہیے کہ وہ متبادل بیانیہ لے کر آئیں ۔

مَیں نے یہ تبدیلی پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے اندر بھی محسوس کی ہے ۔یہ سیاسی جماعتیں جو ایک پرائیویٹ آرگنائزیشن کی طرح چلائی جاتی تھیں ،اُس میں اُن کے اندر سے اس قدر پریشر آتا ہے کہ اعظم سواتی کو ہٹانا پڑ جاتا ہے ۔

٭لیکن جن تبدیلیوں کی آپ بات کررہے ہیں وہ عوام کی سطح پر فکر ی و نظری تبدیلیاں ہیں ،جیسا کہ لوگوں کے اندر فکر ی سطح پر یہ تبدیلی آئی کہ وہ سوالات کھڑے کرنا شروع ہو گئے اسی طرح سیاسی جماعتوں کے قائدین کو اپنی جماعت کے اندر سے اس قدر پریشر کا سامنا کرنا پڑجاتا ہے کہ وہ اعظم سواتی کو عہدے سے ہٹانے یا اُس کا استعفیٰ منظور کرنے جیسے فیصلے کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔لیکن عملی طور پر اداروں میں تبدیلی محسوس کی گئی ہے ؟جیسا کہ انتخابات میں اصلاحات کا معاملہ ہے۔دوہزار تیرہ کے الیکشن میں دھاندلی کا رونا رویا گیا دوہزار اَٹھارہ کے الیکشن میں بھی یہی رونا پھر رویا گیا ،مگر اس دوران شفا ف انتخابات کے انعقاد کے لیے کوئی انتظام نہ کیا گیا۔یعنی ہمارے ادارے پانچ سال بعد بھی وہیں کے وہیں کھڑے ہیں ۔دوہزار تیرہ میں بھی الیکشن کمیشن پر اعتراضات اُٹھائے گئے تھے کہ شفاف الیکشن میں ان کی کارکردگی کمزور رہی ،دوہزار اَٹھارہ میں بھی الیکشن کمیشن کے ادارے کو اُسی طرح کے اعتراضات کا سامنا رہا۔

٭٭دیکھیں !جب دوبار انتخابات میں ان اداروں پر بات آئی تو اس بحث نے بھی زور پکڑا کہ ریاست نے ان اداروں پر قبضہ کیا ہوا ہے ۔ریاست ان اداروں پر اثرانداز ہوتی ہے حالانکہ آئینی طو ر پر الیکشن کمیشن کا ادارہ آزاد و خودمختار ہے۔

٭یعنی آرٹی ایس سسٹم جودوہزار اَٹھارہ کے الیکشن میں بیٹھ گیا تھا ،اُس کو جان بوجھ کر بٹھایا گیا تھا؟

٭٭مَیں تو یہاں نہیں تھا۔اس بارے کچھ نہیں کہہ سکتا۔البتہ اس پر تحقیق ہونی چاہیے اور درست وجہ دریافت کرنی چاہیے ۔اسی سے چیزیں آگے بڑھیں گی اور ملک کے اداروں میں استحکام آئے گا۔یہ بحث اب پیچھے چلی گئی ہے ،مَیں سمجھتا ہوں کہ اس بحث کو موجود رہنا چاہیے اور پوری انکوائری ہونی چاہیے ۔

کسی بھی الیکشن میں منظم دھاندلی نہیں ہوتی ،مسئلہ پینتیس چالیس سیٹوں کا ہوتا ہے ۔

ہم نے اُن بے قاعدگیوں کور وکنا ہے کہ پینتیس چالیس سیٹیں ادھر اُدھر نہ ہوں ،

2013کے ساتھ 2018کا الیکشن بھی مکمل طور پر دھاندلی زدہ نہیں تھا

 

٭اگر دوہزار اَٹھارہ کے انتخابات کے موقع پر نادرا کے چیئرمین ہوتے تو سسٹم پھر بھی بیٹھ جاتا؟

٭٭مَیں نہیں جانتا۔لیکن اگر مجھے کہیں سے حکم ملتا کہ آر ٹی ایس سسٹم کو بیٹھا دو تو مَیں ایسا نہ ہونے دیتا۔دیکھیں !اداروں کے سربراہان مضبوط لے کر آئیں ۔اگر ایسا ہو گیا تو ادارے مضبوط ہوں گے ۔ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک مضبوط ہو گا۔اگر ادارے مضبوط ہوں ،اُن اداروں کے سربراہان کمزور ہوں تو پھر آپ کی ساری قانون سازی دھری کی دھری رہ جائے گی ۔پاکستان جمہوری عمل سے بنا تھا،اس کے لیے کوئی جنگ نہیں ہوئی تھی ،نہ ہی اس کو کسی نے فتح کیا گیا تھا ۔یعنی جو لوگ ووٹ کے تقدس کے خلاف کھیلتے ہیں ،وہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف کھیلتے ہیں۔ایسے لوگ جو مفادات کے اسیر ہوتے ہیں ،اُن کی سپیس کو محدود کرنا ہے ۔مَیں بتائوں کہ دوہزار آٹھ اور دوہزار تیرہ کے انتخابات میں اُن کی سپیس محدود کیسے ہوئی ؟ پہلے عوام کو پتا ہی نہیں ہوتاتھا کہ دھاندلی انتخابات میں کیسے کی جاتی ہے؟اُس وقت یہ کیا جاتا تھا کہ ایک سے زیادہ ووٹ کا اندراج ہوتاتھا،گھوسٹ ووٹ رجسٹر ڈ ہوتے تھے۔جب مَیں نے آٹھ کروڑ کی لسٹ دیکھی تو اُس میں تین کروڑ اکہتر لاکھ لوگ ایسے تھے ،جن کا کوئی پتا نہیں تھا۔ہم نے اس سپیس کو محدود کیا ۔پھر ہم نے کہا کہ شناخت کرکے بندے کو پرچی دو۔ہم نے ووٹرز لسٹوں پر تصاویر لگائیں تاکہ شفافیت آئے۔لیکن اُس سارے مراحل کا انتظام کرنے والے لوگ ہی اُس پر کمپرومائز کر جائیں ،یہ ایسے ہی ہے کہ جیسے آپ کو سکیورٹی فراہم کی جائے اور آپ سکیورٹی فراہم کرنے والے ہی سے خطرہ اور خوف محسوس کریں۔پھر آپ نے جو کیا ہوگا وہ سب رائیگاں چلا جائے گا۔لیکن اُس وقت دھاندلی کرنے والوں کو نیا طریقہ ایجاد کرنا پڑا۔اُس وقت ہم نے بندوبست کررکھا تھا،سیاہی کا ۔دھاندلی کرنے والوں کو بھی ہمارے بندوبست کے بارے آگاہی تھی ،اُنہوں نے دونمبر سیاہی کا سہارا لیا۔جب اس کے باجوود ہم نے بتا یا کہ عبدالحمید جتوئی نے ایک خاتون کے پولنگ سٹیشن سے تین سو دس بار ووٹ ڈالا ہے تو ایک Deta Analytic سے پیٹرن اُبھرنا شروع ہوا کہ یہاں کافی گڑ بڑ ہوئی ہے ۔ عدالت نے کہا یہاں الیکشن دوبارہ ہو گا۔یوں چیلنجر جیت گیا اور ڈیفینڈر ہار گیاتو یہ ثابت ہوا کہ اُس میں دھاندلی ہوئی تھی۔جب یہ سلسلہ آگے بڑھنا شروع ہواتو ریاست کو تو اس سے کوئی خطرہ محسوس نہ ہوا لیکن حکومت کو خطرہ محسوس ہوا۔گذشتہ الیکشن میں بھی جو اس طرح کے نظام جو شفافیت پیدا کرتے ہیں ،اگر اُن کو چلنے ہی نہ دیا جائے تو پھر سوالات تو اُٹھیں گے۔

٭اگر آپ دوہزار اَٹھارہ کے الیکشن میں نادرا کے چیئرمین ہوتے تو الیکشن کو شفاف بنانے میں کیا اصلاحا ت کرتے؟

٭٭نادرا اور الیکشن کمیشن دواہم ادارے ہیں ۔دونوں کو اپنا کام اُس وقت شروع کردینا چاہیے جب الیکشن اختتام پذیر ہو جائیں ۔یعنی اگلے الیکشن تک کی تیاری کے لیے اُن کے پاس پانچ برس کا ٹائم ہو گا۔دونوں اداروں کے پاس پانچ برس کا وقت ہوتا ہے ۔اس دوران ان کو چاہیے کہ وہ اپنے لوگوں کو تربیت دیں ۔اگر عملہ تربیت یافتہ ہوگا تو رزلٹ بہتر ہوگا۔

٭پاکستان کے الیکشن سسٹم میں بہتری کیسے لائی جاسکتی ہے؟

٭٭اس کے لیے ایک اہم ذریعہ ٹیکنالوجی کا ہے ۔ٹیکنالوجی شفافیت لاتی ہے ۔تین سو دس مرتبہ انگوٹھا لگانے والا تو یہ بات تسلیم ہی نہیں کررہا تھا کہ اُس نے باربار ووٹ ڈالا تھا ،مگرٹیکنالوجی کی وجہ سے پکڑ ا گیا۔ایک سابق وزیرِ اعظم کے حلقہ کے ایک پولنگ اسٹیشن سے رجسٹرڈ ووٹوں سے زیادہ ووٹ نکل آئے، تو یہ ٹیکنالوجی نے بتایا۔یعنی آپ کو شفاف نظام بنانا پڑے گا۔پھر اُس شفاف نظام پر جیسا عمل عملہ کرےگا تو اُس کی کارکردگی بھی عیاں ہو جائے گی ۔میرے خیال میں انتخابی نظام میں اب قانون سازی کی زیادہ ضرورت نہیں ہے ۔اب قانون پر عملدرآمد کی ضرور ت ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ انتخابات کا انعقاد ایک بہت بڑی مشق ہے ،اُس میں معذرت کے ساتھ ججز کا کام نہیں ۔اگر آپ ایک ریٹائرڈ جج کو چیف الیکشن کمشنر لگادیتے ہیں تو یہ درست نہیں ۔جس بندے کے بارے ٹیکنالوجی نے بتایا کہ اس نے تین سو سے زائد بار ووٹ ڈالا ،اُس سے ان پانچ برس میں کسی نے پوچھا کہ بھئی!تم نے کس کے کہنے پر باربار ووٹ ڈالا۔جب کہ عام آدمی جس کا کوئی سرپرست نہیں ہوتا ،اُس کو معمولی غلطی پر عدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے ۔

اشرافیہ نے غاصب رہنا ہے،مگر لوگ ادراک نہیں رکھتے ،عام افراد چونکہ اپنے حقوق کا ادراک نہیں رکھتے تو خرابی مسلسل چلی آرہی ہے ۔یوں لوگوں کو ادراک و آگاہی دینا بے حد ضروری ہے ۔الیکشن ڈے پر جو سیاسی جماعتوں کا اپنا عملہ وہاں موجود ہوتا ہے ،اُن کو دیکھنا چاہیے کہ فارم پینتالیس پر وہ دستخط کررہے ہیں یا نہیں ،پولنگ اسٹیشن پر دوجمع دو،چار ہو رہے ہیں یا چار کو چالیس بنایا جارہا ہے ؟یعنی سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر بھی اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔اگر سیاسی پارٹیاں مضبوط نہیں ہوں گی اور کہیں بیٹھ کر فیصلے کیے جائیں گے کہ یہ صوبہ تم لے لو ،مرکز تم لے لو ،تو پھر عوام طاقت ور نہیں بن سکیں گے۔

٭دیکھا یہ جاتا ہے کہ سیاسی جماعتیں جب پولنگ ڈے پر پولنگ اسٹیشنوں پر اپنے ایجنٹ مقررکرتی ہیں تو اُن کی پہلے تربیت نہیں کی جاتی …

٭٭جی!مَیں یہی کہہ رہا ہوں کہ کئی کروڑ ایک اُمیدوار اپنے الیکشن پر لگا دیتا ہے مگر ایجنٹ کی تربیت پر دوچار لاکھ نہیں لگاتے۔دوہزار تیرہ کے انتخابات میں دھاندلی کو دیکھنے کے لیے جوڈیشل کمیشن بنا ،کو ن اُس جوڈیشل کمیشن کی سربراہی کررہا تھا؟اُس وقت کے وزیرِ اعظم خود کررہے تھے۔جب یہ دیکھا گیا کہ الیکشن کے دوران بے قاعدگیاں ہوئی ہیں تو اُس کے بعد وزیرِ اعظم نے الیکشن کمیشن کو کہا کہ یہ بے قاعدگیاں کیوں اور کیسے ہوئیں ؟مزید یہ کہ دوبارہ نہیں ہونی چاہئیں؟بلکہ اگلے الیکشن میں اُس سے بھی زیادہ بے قاعدگیاں ہوگئیں۔

٭دوہزار تیرہ کے انتخابات کے بعد دھاندلی کا شور اُٹھا ،اُس دھاندلی کو دیکھنے کے لیے جوڈیشل کمیشن بنا،جوڈیشل کمیشن نے رپورٹ دی کہ انتخابات میں بے قاعدگیاں ہوئی ہیں ۔ان بے قاعدگیوں کو منظم دھاندلی نہیں کہا جاسکتا۔آپ کیا کہتے ہیں ؟بے قاعدگیاں ہوئی تھیں یا منظم دھاندلی کی گئی تھی؟

٭٭دیکھیں!مَیں نے چند حلقوں کی جانچ پڑتال کی تھی،اُن حلقوں کو دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ بے قاعدگیاں ہوئی ہیں ،منظم دھاندلی نہیں کی گئی تھی۔لیکن یہ دلیل بڑی خراب سی ہے ۔یہ کہنا ایسا ہی ہے کہ ڈاکوئوں کے گینگ نے یہ قتل نہیں کیا ،بلکہ اُس گینگ کے کچھ بندوں نے یہ قتل کیا ہے ۔جیسا کہ یہ کہنا کہ دہشت گرد جماعت نے یہ حملہ نہیں کیا بلکہ اُس جماعت کے کچھ شرپسندوں نے حملہ کیا ہے۔دیکھیں !کسی بھی الیکشن میں منظم دھاندلی نہیں ہوتی ،مسئلہ پینتیس چالیس سیٹوں کا ہوتا ہے ۔ہم نے اُن بے قاعدگیوں کور وکنا ہے کہ پینتیس چالیس سیٹیں ادھر اُدھر نہ ہوں ۔دوہزار اَٹھارہ کا الیکشن بھی مکمل طور پر دھاندلی زدہ نہیں تھا۔دوہزار آٹھ کے الیکشن سے قبل محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ہو جاتی ہیں ۔اگر کوئی دوسرا ملک ہوتا تو وہاں کے سارے ووٹرز اپنا ووٹ پیپلزپارٹی کو دے دیتے ،لیکن یہاں پی پی پی کو پورامینڈیٹ نہ مل سکا۔ایسا کیوں ہوا؟اسی طرح مسلم لیگ ق اپنے گھر سے ہار،رہی ہے اور بلوچستان سے وہ جیت جاتی ہے ۔اسی رجحان کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔اس رجحان سے یہ پتا چلتا ہے کہ یہاں پولنگ ڈے دھاندلی نہیں زیادہ ہوتی البتہ قبل از انتخابات پورے منظم طریقے سے دھاندلی کی جاتی ہے ۔یہاں ایک تھیٹر لگایا جا تا ہے ۔تھیٹر والے دِن الیکشن اُس پر ناچتا ہے۔مَیں اس وقت ساری دُنیا میں شناختی کار ڈ بنا رہا ہوں،وہاں بھی میرانقطہ نظر یہ ہوتا ہے کہ ریاست آپ کی شناخت کو محض رجسٹر نہیں کرتی بلکہ آپ کو Empower کرتی ہے( پورااختیار د یتی ہے)پھر آپ کی رائے کا مذاق نہیں اُڑایا جاتا ۔پھر آپ کے ووٹ پر ڈاکا نہیں ڈالا جاسکتا ،آپ کے گھر پر تو ڈاکا ڈالا جاسکتا ہے مگر رائے اور ووٹ پر نہیں ۔

 

چین کو تبدیل overseas chinese(بیرون ملک مقیم چائینز)

نے کیا۔یہی انڈیا کے ساتھ ہوا۔منموہن سنگھ اور دیگر کچھ لوگ باہر سے 

پڑھ کر اور ویژن لے کر انڈیا آئے اور وہاںتبدیلی کا باعث بنے

 

٭اس وقت آپ کیا کررہے ہیں؟

٭٭مَیںاس وقت افریقہ میں کچھ پراجیکٹ کر رہا ہوں،افریقہ میں پراجیکٹ کرنے کا اختیار مَیں نے خود لیا ہے ،مَیں وہاں عملی طور پر تجربہ کرکے پاکستان کا مسئلہ پکڑنا چاہتاہوں ۔مَیں وہاں تک جانا چاہتا ہوں جہاں پاکستان اس وقت جارہا ہے۔اُن ممالک میں ،مَیں دیکھ رہا ہوں کہ وہ کمزور اس لیے ہوئے کہ وہاں ریاست اور افراد کے مابین عمرانی معاہدہ کمپرومائزہوا ہے۔مجھے خطرہ ہے کہ پاکستان وہاں تک نہ چلا جائے۔یہاں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ فلاں وزیرِ اعظم کرپٹ ہے ،وغیرہ۔یہ کہنا بنتا ہی نہیں ،آپ کو چاہیے کہ قانون پر اس طرح عملددرآمد کروائیں کہ کوئی کرپشن کر ہی نہ سکے۔

٭جن ممالک میں آپ اس وقت کام کررہے ہیں ،وہاں اور یہاں میں کیا مماثلت دیکھتے ہیں؟

 ٭٭افریقہ میںامیر غریب ،محکوم اور حاکم کے مابین خلیج ایسے ہی پیداہوئی ،جیسی کہ یہاں ہے۔یہاں وسائل چند ہاتھوں میں ہیں ۔وسائل تقسیم نہیں ہورہے ،اگر ایسی ہی صورتِ حال رہی تو پھر ریاست کمزور ہو جائے گی۔مثال کے طور پر مَیں جب نادرامیں تھا ،تو یہ جاننے کی کوشش کی پاکستان کی اشرافیہ کون ہے ،یعنی امیر ترین طبقہ کون ہے اورغریب کون ہے؟مختلف ڈیٹا کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ ساڑھے تین لاکھ اشرافیہ کا ایک طبقہ ایسا بھی سامنے آیا جس کے بعد این ٹی این نمبر ہی نہیں تھا۔ساڑھے پانچ لاکھ ایسی کمزور کمیونٹی ،جس میں معذور افراد،بیوہ خواتین ،گھریلو تشدد کا شکار خواتین وغیرہ ، سامنے آئیں ،جن کو یہ تک نہیں معلوم تھا کہ وہ کس ملک کے شہری ہیں،اُن کو یہ نہیں معلوم تھا کہ اُن کی ریاست کون سی ہے اور ریاست اُن کے لیے کیا درجہ رکھتی ہے ؟مجھے بلوچستان کے پہاڑوں اور کئی ایسے مقامات پر جانے کا اتفاق ہوا،وہاں کے لوگ کہتے تھے کہ ہمیں شناختی کارڈ نہیں چاہیے۔مَیں نے ایسے لوگوں سے کہا کہ شناختی کارڈ تمہارے لیے ضروری ہے ،تمہاری جائیداد کی خرید وفروخت میں کام آئے گا۔وہ آگے سے کہتے کہ ہماری تو کوئی جائیداد ہی نہیں ہے ۔مَیں اُن سے کہتاکہ سفر کے دوران یہ تمہارے کام آئے گا،وہ کہتے کہ ہم ایک جگہ سے دوسری جگہ جاتے ہی نہیں ۔مَیں اُن سے کہتا کہ خدانخواستہ جب تم پر کوئی مصیبت آئے گی ،جیسا کہ طوفان ،زلزلے اور سیلاب ،تو تمہارا جو نقصان ہو گا،حکومت اُس نقصان کو پورا کرے گی،اُس وقت تم سے تمہارا شناختی کارڈ مانگا جائے گا۔وہ آگے سے کہتے کہ ہم تو حکومت کا نام ہی آج سن رہے ہیں ،یہ کیا چیز ہوتی ہے؟ایک جگہ مَیں نے ایسی بھی دریافت کی ،جہاں کے لوگوں کو پتا ہی نہیں تھا کہ وہ پاکستان میں رہتے ہیں ۔اُنہوں نے پاکستان کا نام ہی نہیں سنا تھا ۔مَیں یہ کہتا ہوں کہ پہلے تو آپ لوگوں کو یہ یقین دلائیں کہ وہ پاکستان میں رہتے ہیں ،وہ پاکستانی ہیں اور پاکستان کے ساتھ اُن کا رشتہ کیا ہے ؟حکومت اور ریاست کو چاہیے کہ وہ لوگوں کا سٹیک پیداکرے ،اس کے بعد ریاست اور افراد کے مابین عمرانی معاہدہ مضبوط رہے گا۔