لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کا آغاز نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سے ہورہا ہے ۔ کورونا وائرس کے ان غیرمعمولی حالات کے باوجود کرکٹ سرگرمیوں کے آغاز پر جہاں کرکٹ کے مداح پرجوش ہیں تووہیں سابق کرکٹرز بھی کرکٹ کے اس محدود ترین فارمیٹ میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کے منتظر ہیں۔ تیس ستمبر سے ملتان میں شروع ہونے والے ایونٹ میں ناردرن اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔سابق کپتان رمیز راجہ اور سعید اجمل کو ناردرن سے ٹائٹل کے دفاع کی امید ہے تاہم بازید خان، عمران نذیر اور عبدالرحمٰن نے محمد رضوان کی قیادت میں میدان میں اترنے والی خیبرپختونخوا کواپنی فیورٹ ٹیم قرار دیا ہے ۔یونس خان نے بلوچستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا توماضی کے 2 معروف وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف اور معین خان کی نظریں ایونٹ میں اعلیٰ معیار کے کرکٹ مقابلے دیکھنے کی منتظر ہیں۔