لاہور،ملتان(خصوصی نمائندہ،خبر نگار ، خصوصی رپورٹر ،این این آئی )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل حل کرنا اور جاری ترقیاتی سکیموں کی جلدتکمیل اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ غلط پالیسیوں سے ملک اپنی اصل منزل سے دورہوگیا۔وزیراعلیٰ آفس میں اراکین قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد اور ملک احسان ٹوانہ سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، حلقوں کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اراکین قومی اسمبلی کو ان کے حلقوں کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اراکین صوبائی اسمبلی کی طرح قومی اسمبلی کے اراکین بھی میرے ساتھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سابق دور کی خرابیوں کو دورکر رہی ہے ۔ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے دور ہو گیا۔ہم نعروں پرنہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات بارآورثابت ہورہے ہیں۔سمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث وباء کے پھیلاؤ میں کمی واقع ہوئی ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے نشترہسپتال ٹو کے منصوبے کادورہ کیا اور ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نشتر ہسپتال ٹوکے تعمیراتی کام تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نشتر ہسپتال ٹو کا پراجیکٹ جنوبی پنجاب کے عوام کا حق تھا جو دیاجارہا ہے ۔سٹیٹ آف دی آرٹ نشتر ہسپتال ٹو9ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔نشترہسپتال ٹو کا ابتدائی تعمیراتی کام91فیصد مکمل ہوچکا ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدار ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزپہنچے اورانسٹی ٹیوٹ میں مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مریضوں کی عیادت کی جس پر مریضوں کی جانب سے سہولیات نہ ہونے کی شکایات کے انبار لگا دیئے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب آج بلوچستان کے دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچیں گے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے سیالکوٹ کے نواحی گاؤں بٹر ڈوگراں میں بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ۔بعدازاں پولیس نے 2ملزموں کو گرفتارکرلیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے پنجگور میں فورسز پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی۔