لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )سینئر صحافی اور تجزیہ کار رانا محمد عظیم نے کہا ہے کہ سیف ا لملوک کھوکھر کیخلاف تحقیقات میں واضح ہوگیا کہ کس طریقے سے وہ پراپرٹی خریدتے تھے ،فرنٹ مین کس کورکھا ہواتھا۔ان کیخلاف ایف آئی آر درج ہوئی،اس میں تمام شواہد اور ڈاکو منٹس ساتھ لگائے گئے ۔ پرو گرام دی لاسٹ آور میں اینکر پرسن یاسر رشید سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ایم این اے رانا مبشر اور وحید گل کیخلاف بھی ایف آئی آر درج ہوگئی ہے ، شیخ روحیل اصغر بھی انٹی کرپشن کے ریڈار پر آچکے ہیں۔26اور سابقہ اور موجودہ ایم پی ایز ہیں جو پکڑے جائینگے ۔ احتجاج میں شامل نہ ہو نے پرمولانا نے برا منایا ۔نوازشریف 12دسمبر کو ارکان اسمبلی سے استعفے مانگیں گے ۔ایڈیٹر روزنامہ 92نیوز اسلام آباد رائو خالد نے کہا کہ عمران خان کا یہی رونا ہے کہ ان سیاستدانوں نے ملک کو برباد کردیا ۔نیچے سے اوپر کی سطح پر ہر بندہ ایک مافیا کو لیڈ کررہا ہے ۔جو بھی تھوڑا سا با اختیار ہے اس نے اپنا مافیا بنایا ہوا ہے ۔قبضہ گروپ کا بنیادی طور پر موجد تو شریف خاندان ہے ،پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی، اب اسے سنبھالنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔بیورو چیف اسلام آباد سہیل اقبال بھٹی نے کہا کہ جس بھی سیاسی جماعت کے رکن کیخلاف کارروائی ہوگی وہ اس بات کا رونا روئے گی کہ اسے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ،انٹی کرپشن کا ادارہ نیب اور ایف آئی اے سے بہتر کردار ادا کرسکتا ہے ۔یہ چاروں صوبوں میں موجود ہے ۔انٹی کرپشن کے ادارے کو آزادی سے کام کرنے دیا جائے تو یہ موثر کردار ادا کرسکتا ہے ، لاہور میں جلسے نے سیاسی گہما گہمی پیدا کرنی ہے ۔ن لیگ کے رہنما جنرل ریٹائرڈ عبد القادر بلوچ نے کہا ہے کہ ن لیگ کا بیانیہ ایک طرف ہے مگر میاں نوازشریف نے اپنی تقریر میں ڈائریکٹ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کونشانہ بنایا ،اس وقت بنیادی طور پر ان کی طرف سے ایک ایسا پیغام تھا کہ جو فوج کے اندر تفریق ڈالنے کیلئے دیا گیا تھا۔بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔