کراچی (سپورٹس رپورٹر) ڈسٹرکٹ سائوتھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مولوی محمد علی جو ہر پارک ککری گراؤنڈ لیاری میں شہید اکبر ناگوری ڈی ایف اے ساؤتھ سپر لیگ فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں حیدری بلوچ نے موسیٰ لاشاری کو3-0 آئوٹ کلاس کرکے ٹرافی اور چار لاکھ روپے کی انعامی رقم اپنے نام کرلی۔فائنل کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا، موسیٰ لاشاری اور حیدر ی بلوچ کے فارورڈز نے ایک دوسرے کے گول پر بھرپور حملے کئے لیکن کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔حیدری بلوچ کی جانب سے موسیٰ لاشاری کے گول پر زیادہ حملے ہوئے لیکن گول کیپر نے تین چار یقینی گول بچاکر حیدری بلوچ کو برتری سے محروم کردیا۔ ہاف ٹائم میں دونوں ٹیموں بغیر کسی گول کے برابری کے ساتھ میدان سے باہر آئیں،وقفے میں مہمان خصوصی سابق صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشل سے تعارف کرایا گیا ، ان کے ساتھ دیگر مہمانوں میں راشد ربانی، سابق وزیر جاوید ناگوری،سائوتھ کے گروپ لیڈ ناصر کریم بلوچ، صدر جمیل ہوت، حاجی محمد اقبال، سمیت اسپورٹس کی نامور شخصیات موجود تھیں۔دوسرے ہاف میں حیدری بلوچ نے موسیٰ لاشاری کے گول پر تابڑتوڑ حملے کئے اور کھیل کے 58ویں منٹ میں سلال نے گول کرکے اپنی ٹیم کو فائنل میں 1-0کی برتری دلادی۔ ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد موسیٰ لاشاری نے جوابی حملے کئے لیکن حیدری بلوچ کے دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپر نے ان تمام کوششوں کو ناکام بنادیا۔ دوسرے ہاف کے 64 ویں منٹ میں موسیٰ لاشاری کے دفاعی کھلاڑی صابر لاشاری کی غلطی کا فائدہ اٹھاکر باآسانی واجد علی نے گیند کو جال میں پہنچاکر اپنی ٹیم کی سبقت کو2-0 کے اسکور سے دگنا کردیا۔ دوگول کے بعد موسیٰ لاشاری نے ہمت کی میچ میں کوئی گول کیا جائے ، لیکن فارورڈز عجلت اور فنشنگ کے فقدان کے باعث گول سکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔کھیل کے اختتام سے چھ منٹ قبل انٹرنیشنل فٹبالر اور حیدری بلوچ کے کوچ قاسم سومار کے بیٹے سومار قاسم نے 84 ویں منٹ میں تیسرا گول کرکے موسیٰ لاشاری کے سپر کپ چیمپئن بننے کا خواب چکنا چور کردیا۔ریفری کی اختتامی وسل پر حیدری بلوچ کی ٹیم نے فائنل3-0 سے جیت کر ٹائٹل پر اپنا قبضہ جمالیا۔میچ کے ریفری جاوید ابراہیم، اسسٹنٹ ریفریز، پرویز، اعجاز، اقبال، ریفری ایسسر عبدالطیف اورمیچ کمشنر حاجی محمد اقبال تھے ۔فائنل کے اختتام پر مہمان خصوصی ناصر حسین شاہ، جاوید ناگوری اور راشد ربانی نے انعامات تقسیم کئے ، کلبوں اور سابق فٹبالرز میں یادگاری شلیڈز تقسیم کی گئیں ۔فاتح ٹیم حیدری بلوچ کو چار لاکھ روپے کی انعامی رقم ٹرافی کے ہمراہ دی گئی، ناکام سائیڈ موسیٰ لاشاری کو دو لاکھ روپے ٹرافی کے ساتھ دیئے گئے ۔