لاہور(بابر علی) وزیر اعظم عمران خان کی سیاحت کو فروغ دینے کی پالیسی کے تحت سرکاری اداروں کی جانب اپنے ریسٹ ہاؤسز عوام کے لئے کھولنے کے اقداما ت شروع کر دیئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر بلدیاتی اداروں کے ریسٹ ہاؤسز کو ٹورسٹ ریزورٹ میں تبدیل کر نے کا پلان تیار کر لیا گیا ہے ۔ اس مد میں محکمہ بلدیات پنجاب نے ریسٹ ہاؤسز کی تزئین و آرائش کے تخمینہ اور کمروں کا کرایہ متعین کر نے کی سفارشات پنجاب حکومت کو ارسال کر دی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات کی جانب سے بلدیا تی اداروں کے 15 ریسٹ ہاؤسز میں سیا حوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ ان کی تزئین و آرائش اور یوٹیلٹیز کی فراہمی کے لئے تقریباً دو کروڑ روپے کے فنڈز کا تخمینہ لگایا گیا ۔بلدیاتی اداروں کے ریسٹ ہاؤسز میں 24گھنٹے کے لئے کمرہ کا کرایہ سرکاری ملازم کے لئے ایک ہزار روپے اور عام شہری کے لئے دو ہزار روپے مقرر کیا گیا۔ صرف چکوال میں موجود ریسٹ ہاؤس میں سرکاری ملازم کے لئے کرایہ 2ہزار روپے اور عام شہری کے لئے 3ہزار روپے ہو گا۔ حکومتی منظوری کے بعد ریسٹ ہاؤسز کے پلان پر عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔ ریسٹ ہاؤسز کو چلانے کے لئے ایس او پیز تیارکر کے فراہم کرنا محکمہ سیاحت کی ذمہ داری ہے جبکہ آپریشنل معاملات کے لئے محکمہ بلدیات ذمہ دار ہوگا۔ ریسٹ ہاؤسز میں کمروں کی دستیابی اور نرخ کے حوالے سے تمام معلومات محکمہ کی ویب سائٹ پر فراہم کی جائے گی۔اسی طرزپر دیگر محکموں کی جانب سے بھی اپنی ریسٹ ہاؤسز عوام کے لئے کھولنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔