کراچی( کامرس رپورٹر)سارک ممالک کے 9ممبران پر مشتمل سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاآئندہ صدر پاکستان سے ہوگا،نئے صدر کیلئے آئندہ ماہ ایف پی سی سی آئی سے امیدوار کا حتمی نام بھیجا جائے گاجبکہ ایک نام نائب صدر کیلئے بھی ہوگا۔سارک چیمبر کا نیا صدر مارچ2020میں اپنے فرائض سنبھالے گا۔سارک کی صدارت کیلئے پاکستان میں بزنس کمیونٹی سے کئی نام گردش کررہے ہیں لیکن سب سے زیادہ مضبوط نام سارک چیمبر کے موجودہ سینئرنائب صدراورایف پی سی سی آئی میں برسراقتدار یونائٹیڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک کا سامنے آ رہا ہے جنہوں نے کئی بارسارک چیمبر کے نائب صدر کی حیثیت سے اپنے فرائض نبھائے ہیں جبکہ پاکستان سے آئندہ نائب صدارت کیلئے زبیرطفیل کا نام لیا جارہا ہے جبکہ بعض حلقے سینیٹر الیاس بلور کا نام بھی لے رہے ہیں لیکن سینئر بزنس لیڈرز کا خیال ہے کہ چونکہ الیاس بلور بارہا پاکستان میں سینیٹ کے رکن رہ چکے ہیں اس لئے وہ سارک کی نائب صدارت کیلئے دلچسپی نہیں لیں گے ۔سارک چیمبر میں افتخار علی ملک کی خدمات سے کسی کو انکار نہیں ہے لیکن تجارتی حلقوں میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ انہوں نے بطور نائب صدر اورسینئرنائب صدر کی حیثیت سے میڈیا کو خصوصی طور پر نظر انداز کیاجبکہ ماضی میں جمیل محبوب مگوں نے سارک چیمبرمیں کامیابی کے ساتھ کئی سال تک نائب صدر کا منصب سنبھالا تھا۔