اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،سپیشل رپورٹر ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم صفدر کیلبری فونٹ کی جعلساز اور بے نامی دار ہیں، ٹی ٹیز میں آل شریف کی شراکت دار اور انٹرویوز میں کچھ اور عدالتوں میں کچھ اور کہنے والی فنکارہ ہیں۔ جمعہ کواپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا خواجہ آصف صاحب! بیگم صفدر اعوان کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے مائیکرو سوفٹ کا کیلبری فونٹ مارکیٹ میں آنے سے پہلے ہی لانچ کر دیا۔ ان کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے عدالت میں ثبوتوں کے بجائے قطری کی چھتری پیش کی۔ ان کا قصور یہ ہے کہ غیر ملکیوں نے ملین ڈالرز ان کے اکاؤنٹ میں بھیجے لیکن ان کو خبر نہ ہوئی۔ ان کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے قومی سلامتی کو داغدار کرنے کیلئے بچر آف گجرات اور کشمیریوں کے قاتل مودی کو اپنے گھر بلایا۔ان کا قصور یہ ہے کہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے سجن جندال جیسے پاکستان دشمنوں سے خفیہ ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے کہا ساریاں گلاں چھڈو تے ٹی ٹی دیاں رسیداں کڈو‘‘۔ فردوس عاشق اعوان نے کشمیر کے تنازع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے پاکستانی مؤقف کی تائید قرار دیا ہے ۔اپنے ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بیان میں پاکستان کے اس دیرینہ موقف کی تائید کی گئی ہے کہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے اور اس تنازع کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔ سیکرٹری جنرل کا بیان پاکستان کی سفارتی کامیابی اور وزیراعظم عمران خان کے اس اصولی مؤقف پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے اعتماد کا مظہر ہے ۔ بعدازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں شیخ رشید فواد چودھری کی زد میں آگئے تاہم وزیر اعظم نے معاملات کو کنٹرول کر لیا ۔ فواد چودھری ہلکی پھلکی موسیقی کرتے رہتے ہیں۔ فواد چودھری بھائی اور میرے دل کے قریب ہے ۔انہوں نے کہا میاں شہباز شریف یہ بتانا پسند کریں گے کہ پاکستان کا دشمن جندال پاکستان کس کی اجازت سے آیا تھا ۔بھارتی جاسوس کلبھوشن جو سترہ بار پاکستان آیا، ن لیگ اور ان کے وزیر اعظم نوازشریف کی جانب سے ایک بار بھی کلبھوشن کا نام ان کے منہ پر نہیں آیا ۔