ڈیرہ اسما عیل خان(نمائندہ 92 نیوز ) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور پر خودکش حملے کو قابل مذمت اور ملک دشمن عناصر کی سازش قرار دیتے ہوئے سکیورٹی انتظامات پر بڑا سوالیہ نشان قرار دیا ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جے یو آئی کے تحصیل جنرل سیکرٹری چودھری اشفاق ایڈووکیٹ کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کے دوران کیا،مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے نائب صدر راجہ اختر علی' ایم ایم اے کے سٹی ون سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار ملک مشتاق احمد ڈار،چودھری اشفاق ایڈووکیٹ،مولانا قاری اعجاز فاروقی نے بھی خطاب کیا،مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ بدامنی،معاشی بدحالی ریاستوں کو تباہی کی جانب لے جاتی ہے اسلام امن کا دین ہے ، انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ملک میں بدامنی پیدا کی جارہی ہے ،انہوں نے کہا ہمارے کلچر کو بھی تباہ کرنے کیلئے یہودی لابی کے ایجنٹ سرگرم عمل ہیں، غیور عوام الیکشن میں ان کو مسترد کرکے اپنی مذہبی شناخت پر حملہ آور بیرونی ایجنڈے کے حامیوں کو ناکام بنائیں۔ ا یم ایم اے کو حکومت دیں ملک سے کرپشن ختم ہوجائے گی، کسی این آر او، کسی دہشت گرد تنظیم، کسی آف شور میں ہمارا نام نہیں ۔ دریں اثنا تقریب میں اظہارخیال کرتے ہوئے ن لیگ کے صوبائی نائب صدر راجہ اختر علی نے مولانا فضل الرحمٰن کی حلقہ این اے 38ڈیرہ ون پر حمایت کااعلان کردیا،انہوں نے کہا کہ فضل الرحمٰن ملک کا اثاثہ ہیں،ایسی شخصیات کا ایوان میں موجود ہونا پاکستان کے نظریاتی اور جغرافیائی تحفظ کیلئے بہت ضروری ہے ۔