لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے گورنر پنجاب چودھری سرورنے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی،ملاقات میں صوبے کے ترقیاتی منصوبوں،سیاسی اموراورعمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیااور صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔ملاقات میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے امورکے بارے میں بھی مشاورت کی گئی،گورنر چودھری سرور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح وبہبود کیلئے تاریخی اقدامات کر رہی ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ اورگورنر نے آب پاک اتھارٹی اجلاس کی صدارت کی ،جس میں آب پاک اتھارٹی سے متعلقہ ضروری امور اورشہریوں کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا،وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آب پاک اتھارٹی ہر شہری کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے عزم کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تشکیل دی گئی ہے ،پنجاب کے ہر شہر اور ہر قصبے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا وعدہ پورا کیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اراکین قومی اسمبلی اور صوبائی حکومت میں رابطے کیلئے کوآرڈینیٹرز (تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل) عامر محمود کیانی اور چیف وہپ قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی جس میں اراکین قومی اسمبلی اور صوبائی حکومت کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اراکین قومی اسمبلی کے حلقوں کے مسائل حل کئے جائیں گے اور کسی کو منتخب نمائندوں کے جائز کام میں آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔تنقید برائے تنقید کے باوجود پنجاب حکومت کی کارکردگی تینوں صوبوں سے بہتر ہے ،سازشی عناصر تنقید کرتے رہ جائیں گے اور پنجاب آگے بڑھتا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سازشیں کرنیوالوں کو ہرموقع پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،تمام سٹیک ہولڈرز ایک صفحہ پر اکٹھے ہیں۔بعدازاں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے امامیہ کالونی کے قریب فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیااور کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈی سی شیخوپورہ سے آتشزدگی کے واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ۔