اسلام آباد، کراچی،لاہور ( خبر نگار خصوصی، خصوصی نیوز رپورٹر، سپیشل رپورٹر، وقائع نگار خصوصی، 92 نیوزرپورٹ، اپنے رپورٹر سے ، خصوصی نمائندہ، سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن طویل علالت کے بعد حرکت قلب بند ہوجانے سے 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ قاضی حسین احمد کے بعد منور حسن 2009 میں جماعت کے امیر منتخب ہوئے ۔ وہ اب تک جماعت کے واحد امیر تھے جو محض ایک مرتبہ امارات کے منصب پر فائض ہوئے ۔سیدمنور حسن 5 اگست 1941 کو دہلی میں پیدا ہوئے تھے اور گزشتہ کئی روز سے خرابی صحت کے باعث کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ منور حسین کی وفات سے پاکستانی سیاست میں شرافت، ایمانداری اور اصول پسندی کا ایک اور روشن باب بند ہوگیا۔انہوں نے اپنے پسماندگان میں بیوہ محترمہ عائشہ منورسابق رکن قومی اسمبلی و سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی خواتین، بیٹے طلحہ منور،بیٹی فاطمہ منور، دو بھائیوں سید شفیق حسن ، سید ارشاد حسن اور دنیا بھر میں پھیلے ہوئے تحریک اسلامی کے لاکھوں کروڑوں کارکنوں کو سوگوار چھوڑا ہے ۔منورحسن کی نماز جنازہ آج بروز ہفتہ بعد نماز ظہر عید گاہ گراونڈ ناظم آباد میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین سخی حسن قبرستان میں کی جائیگی،علاوہ ازیں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن کی غائبانہ نمازجنازہ منصورہ میں آج بعد نماز عصر ہوگی ۔نماز جنازہ حافظ محمد ادریس پڑھائیں گے ۔ ادھرصدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان ، سراج الحق، شبلی فراز، شہباز شریف، فیاض الحسن چوہان ،آصف زرداری، شاہ محمود قریشی، ، گورنر سندھ عمران اسماعیل،وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری ،،مولانا فضل الرحمن ، وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی،چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی ، مونس الٰہی ، سیف اللہ خان نیازی، خورشید قصوری ،صوبائی وزیر جنگلات محمد سبطین خان، میاں محمود الرشید اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے سید منور حسن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سید منور حسن کی لازوال سیاسی اور مذہبی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ سید منور حسن نے طلبہ سیاست کا آغاز نیشنل سٹوڈنٹ فیڈریشن سے کیا تاہم کچھ عرصے بعد وہ اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ ہو گئے ،منور حسن کو 1964 میں اسلامی جمعت طلبہ پاکستان کا ناظم اعلی منتخب کیا گیا اور تین بار اس عہدے پر فائز ہوئے ۔ 1977 میں عام انتخابات میں حصہ لیا تو سب سے زیادہ ووٹ لے کر منتخب ہوئے ،1992 میں جماعت کے سیکریٹری مقرر ہونے والے منور حسن 2009 میں امیر جماعت منتخب ہوئے ۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق جمعہ کی شب کراچی پہنچ گئے ۔ سینیٹر سراج الحق اورجماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی دیگررہنماؤں کے ہمراہ سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے ان کے گھرگئے اورلواحقین سے تعزیت کا اظہارکیا۔امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نماز جنازہ کی امامت کریں گے ۔