پشاور(خبرنگار) سابق گورنر سرحد (خیبر پختونخوا ) لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سید افتخار حسین شاہ انتقال کرگئے ،ان کی نماز جنازہ اتوار کو اسلام آباد اداکی گئی جبکہ آج ایس ٹی سی گرائونڈ کوہاٹ میں ادا کی جائے گی ،سید افتخار حسین شاہ 24اکتوبر 1949کو پیدا ہوئے ،1964میں پاکستان آرمی میں کمشنڈ آفیسر بن گئے اور انٹی ائیر کرافٹ یونٹ میں خدمات سرانجام د یں بعد میں وہ ایوی ایشن سکول سے گریجوایشن کرکے آرمی ایوی ایشن میں پائلٹ بن گئے ، 1993میں وہ آئی ایس آئی میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل ونگ تعینات رہے ۔ 2000ء میں ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کمیونیکیشن وزیر بنے ، بعد میں انہیں اس وقت کے صوبہ این ڈبلیو ایف پی کا گورنر بنادیا گیا،ساڑھے چار سال تک وہ گورنر رہے ، وہ ترکی میں پاکستان کے سفیر بھی رہ چکے ہیں، یو نائیٹڈ نیشن کے ساتھ پاکستان میں مشیر بھی رہ چکے ہیں ، 21مئی 2016ء کو انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تاہم انہیں کوہاٹ سے صوبائی اسمبلی کی سیٹ کیلئے ٹکٹ نہیں دیا گیا اور ان کی جگہ موجودہ مشیر برائے آئی ٹی ضیا ء اللہ بنگش کو ٹکٹ دیا گیا جس پر انہوں نے پی ٹی آئی سے ناراض ہوکر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا ، سید افتخار حسین شاہ نے سوگواروں میں تین بیٹیاں چھوڑی ہیں۔