لاہور، ملتان ( این این آئی، سپیشل رپورٹر ) تیز گام ٹرین میں ہولناک آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والوں کی میتیں آج بدھ کو لواحقین کے سپرد کی جائیں گی، سی ای او ریلوے کے مطابق 42 میتوں کی ڈی این اے رپورٹس موصول ہوگئی ہیں، مزید 17 میتوں کی ڈی این اے رپورٹس بھی آج مل جائیں گی۔ نشتر ہسپتال ملتان کے برن یونٹ میں سانحہ تیزگام کے مریضوں میں سے تین کو ڈسچارج کردیا گیا، زخمی عبدالرحمان نے بتایا آگ لگی تو بیٹا سامنے بیٹھا تھا اسکے بعد ہمت نہ رہی کہ اسے کیسے بچاؤں ، مجموعی طور پر دو زخمی اب تک نشر ہسپتال میں زیر علاج ہیں، ایک زخمی کا جنرل سرجری وارڈ میں علاج جاری ہے ، سانحہ تیز گام کے 9 زخمی مریضوں کو جمعرات کے روز نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا ،45 سالہ لیاقت نے دم توڑ دیا تھا، 3 زخمیوں زاہد اختر اور کاشف کو تین روز قبل ڈسچارج کر دیا گیا تھا، برن یونٹ میں زیر علاج 46 سالہ عبدالرحمن 32 سالہ رضوان اور 36 سالہ رفیق کو گزشتہ روز ڈسچارج کر دیا گیا، ادھر 25 سالہ شہزاد کا جنرل سرجری وارڈ نمبر پانچ میں علاج جاری ہے ،جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے ،36 سالہ مختیار بھی برن یونٹ میں زیر علاج ہے ، ڈسچارج ہونیوالے اپنے آبائی علاقوں کو چلے گئے ۔