لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے دو سے پانچ ر وزکے دوران ہم سانحہ چونیاں کے ملزمان تک پہنچ جائیں گے ۔پروگرام نائٹ ایڈیشن میں میزبان شازیہ سے گفتگو میں انہوں نے کہا چونیا ں کا واقعہ انتہائی افسوس ناک اوردلخراش ہے ،دیکھنا یہ ہے کس نے غفلت کی تاکہ اس کا تدارک کیاجاسکے ۔پیپلزپارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا احتساب کے عمل نے ملک کو معطل کرکے رکھ دیاہے ،نیب والوں نے آج تک کوئی ایک کیس ثابت نہیں کیا،موجودہ حکومت سے نااہل ترین ملکی تاریخ میں نہیں آئی ،مولانا فضل الرحمان کے لاک ڈائون میں شرکت کیلئے سوچ سمجھ کر فیصلہ کرینگے کیونکہ ایسا نہ ہو کہ کوئی اورطاقت کا فائدہ اٹھالے ، یہ حکومت جتنی دیراوررہے گی ملک تباہ ہوجائے گا ،عمران خان یہودیوں کی ترجمانی کررہا ہے ۔ماہرقانون راجہ عامرعباس نے کہاکوئی بڑ ا گرفتار ہوجائے تو اسے جیلوں میں سہولتیں ملتی ہیں اور اگر کوئی غریب قیدی بیمار ہوجائے توا سے دوا نہیں ملتی اوروہ ما ں کی گود میں تڑپ تڑپ کر جان کی بازی ہارجاتاہے ۔سابق سفیر شاہد امین نے کہا پہلی بار ہوگا کہ امریکہ کا صدر کسی غیر ملکی سربراہ کی ریلی میں شرکت کریگا ، ثابت ہوتا ہے کہ امریکہ اوربھارت ایک ہیں، ٹرمپ کا کشمیر کے مسئلے میں شامل ہونا حوصلہ افزا ہے ، مودی اورعمرا ن خا ن کی ملاقات نہیں ہوسکے گی۔تجزیہ کار حیم اللہ یوسف زئی نے کہا عمران خان نے بہت بروقت بیان دیا کہ اگر کوئی پاکستان سے کشمیر میں لڑنے جاتا ہے تو بھارت پوری دنیا میں پاکستان پر دہشتگردی کا الزام عائد کریگا، ہمیں ٹرمپ اورمودی سے زیادہ توقعات نہیں رکھنے چاہئیں، ٹرمپ عمران خان سے کہیں گے کہ وہ طالبان سے کہیں کہ وہ امریکہ کی شرائط مان لیں، یہ پاکستان کیلئے ایک نئی مشکل ہوگی۔اینکر شازیہ نے پروگرام میں ہیومن رائٹس کمیشن کی رپورٹ کے بارے میں بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں بچوں سے زیادتی کے 18ہزار واقعات رپورٹ ہوئے ،60 سے زائد واقعات کم عمربچیوں کے ساتھ پیش آئے ۔