لاہور، پشاور،اسلام آباد(جنرل رپورٹر، نمائندہ خصوصی سے ، نیوزایجنسیاں ) سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی چھٹی برسی گزشتہ روز منائی گئی۔ سیاسی و سماجی تنظیموں ،سول سوسائٹی اوراین جی اوز کے زیر اہتمام ملک بھر میں شہدا کیلئے قرآن خوانی ، فاتحہ خوانی اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔مختلف شہروں میں منعقدہ سیمینارزاور تقریبات میں آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم شہداء کو خراج عقید ت پیش کیا گیا جبکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سرگرم عمل پاک فوج اور شہدا کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ مرکزی تقریب آرمی پبلک سکول پشاور میں ہوئی جس میں شہدا کے والدین اور غازیوں کومدعو کیا گیا۔ پاک فوج کے خصوصی دستے نے اے پی ایس شہداکی یادگار پر گارڈ آف آنر پیش کیا۔ یادگار شہدا پر لواحقین، طالبعلموں ،اساتذہ و دیگر افراد نے بھی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ یادگار شہدا پر شمعیں بھی روشن کی گئیں ۔کل مسالک علماء بورڈ کے زیر اہتمام جامع مسجد کبری نیوسمن آباد لاہور میں اے پی ایس شہدا کیلئے دعائیہ تقریب اور قرآن خوانی ہوئی۔مولانا عاصم مخدوم نے دعا کرائی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا شہدا ئے پشاور قومی ہیروز ہیں۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ہیڈ آفس لاہوراور دفتر داتا گنج بخش ٹائون میں بھی دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔