لاہور (انٹر ویو : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پورنے کہاہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو 5 سال ہو گئے تاہم غیر جانبدار اور شفاف تفتیش مکمل نہیں ہوسکی۔ خرم نواز گنڈا پور نے روزنامہ 92نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ ہمیں انصاف نہیں ملا سکااور قاتل اب تک آزاد ہیں ، شہباز شریف کے دور حکومت میں اس سانحہ کا ذمہ دار صرف چند پولیس افسران کو کہا گیا ، سانحہ کی آ زادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر انا سابق حکمرانوں کی ذمہ داری تھی لیکن چونکہ وہ خود اس میں ملوث تھے اس لئے تفتیش میں رکاوٹیں ڈالیں ، خرم نواز گنڈا پور نے کہا سانحہ ماڈل ٹائون کو 5 سال ہو گئے ، 17 جون 2014 کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک بدترین دن تھا ، اس دن ریاستی ادارے پولیس نے 14 بے گناہوں کو کیمرے کی آنکھ کے سامنے خون میں نہلا دیا، فائرنگ سے درجنوں افراد نشانہ بنے ، 2خواتین شازیہ مرتضیٰ اور تنزیلہ امجد کو بھی گولیوں سے چھلنی کرکے شہید کردیا گیا، تنازع اصل قاتلوں کوکٹہرے میں لانے کا ہے ، جے آ ئی ٹی کو کام کرنے سے روکا گیا اور سٹے لیا گیا اس وقت جے آئی ٹی 90فیصد سے زائد کام مکمل کر چکی تھی، شہدا کے ورثاء کی خواہش ہے عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے عظیم کام کی ابتدا سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف سے کریں۔