اسلام آباد، پشاور ، لاہور ، راولپنڈی ( خبر نگار خصوصی، وقائع نگار خصوصی،خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی پبلک سکول پشاور میں دہشت گرد حملے کو چار برس بیت گئے ہیں ،یہ دلخراش واقعہ 16 دسمبر 2014 کو پیش آیا جس میں 132 معصوم افراد کو بے رحمی سے شہید کیا گیا۔ اس حوالے سے مختلف شہروں میں دعائیہ تقریبات اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا جس میں شہدا کو خراج عقیدت او ر لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا گیا ۔ مرکزی تقریب آرمی پبلک سکول پشاور میں ہوئی جس میں شہداکے درجات کی بلندی کے لیے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی گئیں، تقریب میں بچوں، اساتذہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں کور کمانڈر پشاور لیفٹینٹ جنرل شاہین مظہر، صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی ، وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا بھی شریک ہوئے ۔کور کمانڈر پشاور اور گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے یادگار شہدا پر پھول رکھے جب کہ پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے شہدا کو سلامی بھی پیش کی۔ فیصل چوک لاہو اور لبرٹی چوک میں تعزیتی اجلاس ہوئے جبکہ شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ یوم شہدا اے پی ایس کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت عارف علوی نے کہا قوم انتہا پسندی کا راستہ روکنے کیلئے ہر قربانی دینے کا عزم کرے ، معصوم طلبہ اور اسا تذہ کی قربانی نے قوم کو بیدار اور متحد کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا سانحہ اے پی ایس پشاور میں بچھڑ جا نے والوں کی یاد ہمیشہ موجود رہے گی، پوری والدین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے ۔ ہم بحیثیت قوم ملکی، علاقائی اور عالمی امن کے لئے پرعزم ہیں،پاکستان کو ایسا معاشرہ بنائیں گے جہاں فرقہ واریت، مذہب، لسانیت، رنگ و نسل یا کسی بھی طرز پر انتہا پسندی اور تشدد کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔دلخراش واقعے نے جہاں پوری قوم کوکرب و غم میں مبتلا کیا وہاں قوم میں دہشت گردی کے خلاف یکجہتی اور وحدت کو جنم دیا۔اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران نے کہا حکومت دہشت گردی کی تمام اقسام، تشدد اور نفرتوں سے نجات کے لئے نیشنل ایکشن پلا ن پر مکمل عملدرآمد کے لئے پر عزم ہے ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہم نے دہشتگردی کیخلاف جنگ کی بھاری قیمت ادا کی۔ ہم متحد ہیں اور پاکستان کو آگے لیکر جائیں گے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا سانحہ اے پی ایس کے شہدا کیلئے دعا گو اور شہدا کے بہادر والدین کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کی اصل منزل امن اور خوشحالی ہے اور ہم اسے امن و خوشحالی تک پہنچائیں گے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا دہشت گرد ہم سب کی مشترکہ دشمن ہے اور ہمیں مل کر اس کے خلاف لڑنا ہو گا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے پاکستان اس حملہ کے بعد دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے نہ صرف مزید مضبوط اور مستحکم ہوا بلکہ امتحان کی اس گھڑی میں بھی کامیاب رہا۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا قوم شہدائے آرمی پبلک سکول کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ، پاکستان نے دہشت گردوں کو شکست دی ہے ، انشائاﷲ فتح ہمارے عزم، ارادے اور عوام کی ہوگی اور اس مقصد کیلئے ہم قربانیوں کی اپنی تابندہ روایت سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا معصوم بچوں کے خون نے پاکستانی قوم کو دہشتگردی سے لڑنے کا نیا عزم دیا اور قوم کو یکجا کیا۔ سولہ دسمبر کا دن پاکستانی قوم کیلئے دوہرے غم کا دن بھی ہے اسی دن ہمارا مشرقی حصہ ہم سے جدا ہوگیا۔ ہمیں اپنے وطن دشمنوں سے مقابلے کے لئے ہمہ وقت تیار رہناہے ۔