میرپور خاص،کراچی(نامہ نگار،این این آئی)تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کو تیزگام حادثے کے متاثرین کے لواحقین سے تعزیت مہنگی پڑگئی۔جمعہ کوفردوس شمیم نقوی ٹرین حادثے کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیلئے میرپور خاص پہنچے تو واقعہ کا ذمہ دار مسافروں کو قرار دیاجس پر جاں بحق افراد کے لواحقین مشتعل ہوگئے اورانہیں ٹورآباد میں واقع مسجد نبی رحمت سے دھکے دے کر باہر نکال دیا۔لواحقین نے انہیں مبینہ طور پر زدو کوب بھی کیا۔تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں نے ان کی مشتعل افراد سے جان چھڑائی۔اہلخانہ نے الزام عائد کیا فردوس شمیم نقوی نے سانحہ تیز گام ایکسپریس میں جاں بحق افراد کیلئے نازیبا الفاظ استعمال کئے اور انہیں جاہل کہا۔ بعدازاں فردوس شمیم نقوی نے ویڈیو پیغام میں میرپورخاص کے شہریوں سے معذرت کی۔