لاہور(سٹاف رپورٹر )پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے ملزم کسی رو رعایت کے مستحق نہیں ، ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، بشارت جسپال نے کہا کہ انسان جو بوتا ہے وہ اس دنیا میں بھی کاٹتا ہے ۔ ظالم اس دنیا میں بھی اپنے کیے کی سزا بھگتتے ہیں اور ہم سب اپنی آنکھوں سے یہ دیکھ رہے ہیں۔ماڈل ٹائون کے مظلوموں کی سسکیاں آسمان والے تک پہنچیں جس کی وجہ سے انسانیت کے قاتل نشان عبرت بنے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کا کیس عدالت میں ہے اور ہم حصول انصاف کے لیے عدالت کے دروازے پر کھڑے ہیں، ہمارا ایمان ہے ظالم کے خلاف اﷲ کا امر نازل ہونے میں دیر تو ہو سکتی ہے مگر اندھیر نہیں، انشاء اﷲ انصاف ہو گا اور شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کو انصاف ملے گا۔