کوئٹہ،پشاور،اسلام آباد، بنوں (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، صباح نیوز) وفاقی حکومت کی جانب سے سانحہ مستونگ اور بنوں بم دھماکوں میں شہید افراد کی یاد میں ملک بھر میں یوم سوگ منایا گیا اورشہداکیلئے فاتحہ خوانی کی گئی،سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 149 ہو گئی ،خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انتخابی امیدواروں کو نشانہ بنائے جانے اور قیمتی جانی نقصان پر ملک بھر کی فضا سوگوار رہی، قومی پرچم سرنگوں رہا ، ٹریفک بھی سڑکوں پر معمول سے کم رہی ، سڑکوں پر کالے جھنڈے بھی لگائے گئے ، کاروباری مراکز بند رہے ، سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے سانحہ مستونگ ، پشاور اور بنوں بم دھماکوں میں شہید افراد کی یاد میں ملک بھر میں سرکاری سطح پر سوگ منایا گیا ، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا ۔ بلوچستان کی صوبائی حکومت کے تحت یوم سوگ کادوسرا روز تھا۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت پر سراوان ہاؤس میں شہید کے بڑے بھائی نواب اسلم خان رئیسانی، بیٹے اجمل خان سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا، نگران وزیراعظم جسٹس(ر) ناصر الملک، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، مسلم لیگ (ن) کے سربراہ شہباز شریف، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری، بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال خان، نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل، جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری، نواب محمد خان شاہوانی، نواب ایاز خان جو گیزئی، نگران صوبائی وزرا، سیاسی جماعتوں کے رہنما اور قبائلی عمائدین نے اظہار تعزیت کیا، اس موقع پر شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا اورسانحہ مستونگ میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ادھر چین کے صدرشی جن پنگ نے سانحہ مستونگ پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی بنی نوع انسان کی مشترکہ دشمن ہے ، چین کسی بھی انداز میں ہونے والی دہشت گردی کی غیر متزلزل مخالفت کرتا ہے ،چینی عوام ہمیشہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔صدرشی جن پنگ نے سانحہ مستونگ پر صدر ممنون حسین کے نام تعزیتی پیغام بھیجا۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران بم حملوں میں انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید دکھ ہوا،چینی عوام اور حکومت کی ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کیساتھ ہیں ،پاکستانی حکومت اور عوام کی دہشتگردی کے خلاف کی جانے والی کوششوں اور پاکستان کے قومی استحکام ،سلامتی اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینتونیوگوتریز نے مستونگ دہشتگردحملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی مکمل اور جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی پاکستان میں دہشتگردی کے گھناؤنے حملوں کی مذمت کی ،سلامتی کونسل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہر طرح کی دہشتگردی عالمی امن اور سلامتی کیلئے شدید خطرہ ہے ۔