پشاور(92نیوز)سانحہ شیخوپورہ نے پوری پاکستانی قوم کو سوگ میں مبتلا کر دیا،ہم سکھ برادری کے دُکھ میں برابر شریک ہیں ۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہر ممکن مدد کریں گے ،ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر پیر محمد نور الحق قادری نے آج گوردوارہ بھائی جوگا سنگھ محلہ جوگن شاہ پشاور میں شیخوپورہ ٹرین حادثے میں جاں بحق سکھ یاتریوں کے ورثا کے ساتھ اظہار افسوس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میں وفاقی حکومت کی نمائندگی کیلئے حاضر خدمت ہوا ہوں ،پہلے دن سے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اپنی ٹیم کے ہمراہ اس درد ناک سانحہ کے تمام تر انتظامات میں شریک رہا اور آخری رسومات تک ہماری وزارت اور ای ٹی پی بورڈ کے تمام عہدیدارشریک تھے ،یہ تعاون ہمار ا آپ پر احسان نہیں ہے یہ ہمارا فرض منصبی تھا۔انسانی جانوں کی ضیاع کا کوئی بدل نہیں ہو سکتا لیکن پھر بھی انشاء اللہ ہم وفاقی حکومت کی جانب سے اور صوبائی حکومت کی جانب سے بھی حادثے میں وفات پانے والے سکھ برادری کے لواحقین کو ہر ممکن امداد پیش کریں گے ۔ممبر صوبائی اسمبلی سردار رنجیت سنگھ نے وفاقی وزیر ڈاکٹر محمد نورالحق قادری کا شکریہ اداکیا۔ دوسری جانب امرتسر میں پاکستان میں حادثے میں ہلاک ہونیوالے سکھوں کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ شرومانی اکالی دل پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے گورودوارہ میں ہونیوالی تقریب میں شرکت کی، شرکا نے ہلاک سکھوں کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔