اسلام آباد،کراچی(خبر نگار،سٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور سے متعلق کمیشن کی رپورٹ پر حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت4 ہفتے کیلئے ملتوی کردی ۔ منگل کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجا زالاحسن پر مشتمل2رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو عدالت نے پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس محمد ابراہیم کی سربراہی میں قائم کمیشن کی رپورٹ کی نقل اٹارنی جنرل کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے قرار دیا کہ اٹارنی جنرل حکومت سے رپورٹ پرایڈوائس لے کر جواب دیں۔ دوران سماعت اے پی ایس واقعہ میں شہید بچوں کے والدین پیش ہوئے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے ساتھ جو ہوا بہت غلط ہوا، مجھے آپ سے بے انتہا ہمدردی ہے ۔چیف جسٹس نے کہا پاکستان میں صرف قانون کی حکمرانی ہے ، عدلیہ آپ کی محافظ ہے ، سانحہ اے پی ایس کے ذمہ داروں کو نہیں چھوڑ ینگے ، غفلت کے مرتکب افراد کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹیں گے ۔والدین کی جانب سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ فراہم کرنے کی درخواست پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا رپورٹ حساس معاملہ ہے ۔ شہدا کے والدین عدالت میں آبدیدہ ہوگئے اور انصاف کی استدعا کی۔جسٹس اعجاز الااحسن نے کہا 6 ابواب پر مشتمل رپورٹ کوپہلے عدالت دیکھے گی پھر بتا ئینگے ۔جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل 2رکنی بینچ نے قومی سلامتی کے نام پر موبائل فون سروس بند کرنے کو غیر قانونی قرار دینے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم کرتے ہوئے قرار دیا۔فیصلہ جسٹس عمرعطا بندیال نے تحریر کیا ہے جو9 صفحات پر مشتمل ہے جس میں موبائل فون سروس معطل کرنے کی 26دسمبر 2009ئکی پالیسی کو پی ٹی اے ایکٹ کے مطابق قرار دیدیا گیا اور کہا کہ ہائی کورٹ نے جلد بازی میں غلط طور پر حکومتی پالیسی کو کالعدم کیا اور پی ٹی اے ایکٹ کو درست طور پر نہیں پڑھا ۔ عدالت نے طویل غیر حاضری پر ملازمت سے برطرف کی جانے والی ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کی ملازمہ نجمہ اختر کی بحالی کی درخواست مسترد کردی ۔ ادھر کراچی رجسٹری میںسماعت کرتے ہوئے عدالت نے کرنٹ لگنے سے جابحق ہونے والے شہری کے قتل کا مقدمہ کے الیکٹرک کے چیئرمین اور سی ای او کیخلاف درج کرنے کی سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلا ف اپیل مسترد کردی ۔عدالت نے ریمارکس دیئے اگر کرنٹ لگنے سے کوئی جاں بحق ہوجاتا ہے تو کمپنی کے سی ای او کے خلاف کیسے مقدمہ درج کرنے کا حکم دے سکتے ہیں؟ جس نے قتل کیا وہی پکڑا جا ئیگا۔عدالت نے ٹی وی اینکر مرید عباس کے قتل کے ملزم عادل زمان کی ضمانت پر رہائی کیخلاف درخواست پرملزم کو آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش کرنے کا حکم دیا ۔گزشتہ روز بھی نوٹس جاری ہونے کے باوجود ملزم پیش نہیں ہوا تھا ۔