پشاور(نامہ نگار) سانحہ آرمی پبلک سکول کے تحقیقاتی کمیشن میں وزارت دفاع کے نمائندوں نے بیانات ریکارڈ کرالئے ہیں، اس حوالے سے کمیشن کے فوکل پرسن کا کہنا تھا کہ سانحہ کے حوالے سے مزید لوگوں کے بیانات بھی قلمبند کئے جائیں گے اور بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد ہی مکمل رپورٹ مرتب کی جائے گی، فوکل پرسن کے مطابق کمیشن اپنا کام کررہا ہے ، جلد رپورٹ مرتب کرکے سپریم کورٹ میں جمع کرادیں گے تاہم انہوں نے کہا کہ رپورٹ کب تک سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائیگی یہ کہنا قبل ازوقت ہے ، انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی کمیشن نے رجسٹریشن کرنے والے تمام گواہان کے بیانات پہلے ہی قلمبند کرلئے ہیں، کمیشن نے واقعے سے متعلق سی ٹی ڈی حکام کے بیانات بھی قلمبند کرلئے ہیں،انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی کمیشن میں 93 افراد نے بیان رکارڈ کرانے کیلئے رجسٹریشن کی تھی۔ واضح رہے سپریم کورٹ نے شہدا کے والدین کی درخواست پر کمیشن بنانے کا حکم دیا تھا اور کمیشن کی سربراہی ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس ابراہیم خان کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت اور سی ٹی ڈی نے بھی سانحے سے متعلق رپورٹ کمیشن میں جمع کی ہے ۔