لاہور(نیوز رپورٹر)ریلوے حکام نے سانحہ تیز گام ٹرین حادثہ میں ڈپٹی ڈی ایس ریلوے کراچی جمشید عالم کو تین ماہ کے بعد معطل کر دیا اور معطلی کے احکامات بھی جاری کر دیے ۔سانحہ تیز گام ٹرین حادثہ میں 74افراد جاں بحق ہوگئے تھے جس پر ریلوے انتظامیہ نے اس سے قبل کلیم انسپکٹر قمر شاہ،جہانگیر حسین،ٹرین مینجر آصف،ریلوے پولیس اہلکاروں سمیت بعض ملازمین کو معطل کر دیا تھا اور تین ماہ کے بعد ڈپٹی ڈی ایس ریلوے کراچی جمشید عالم کی معطلی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں ۔ذرائع نے کہا کہ تیز گام ٹرین حادثے کی انکوائری وفاقی انسپکٹر ریلوے دوست علی لغاری کو سونپی گئی تھی جو اب سی او ریلوے کے طور پر کام کر رہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق انہوں نے اپنی انکوائری رپورٹ میں کہا تھا کہ تیز گام ٹرین حادثہ میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی جبکہ ٹرین کے اندر گیس سلنڈر بھی موجود تھے جس کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا اورٹرین میں آگ بجھانے کے آلات بھی ناکافی تھے ۔