لاہور(نمائندہ خصوصی سے )سانحہ ساہیوال کے معاملہ پر ذمہ دار آفیسرز وزیر اعلی کو مطمئن نہ کر سکے ۔ اپنے دفاع میں آئیں بائیں شائیں کرتے رہے ۔ جس پر وزیر اعلی نے شدید برہمی اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کمیٹی کی روشنی میں سخت اقدامات کرنے کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کیمطابق پنجاب سول سیکرٹریٹ میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس 11بجے شروع ہواجس میں چیف سیکرٹری پنجاب ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، آئی جی پنجاب پولیس ، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ سمیت انتظامی افسروں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کے ارباب اختیار سانحہ ساہیوال کے متعلق اطمینان بخش جواب نہ دے سکے ۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے اہم ترین معلومات پر آپریشن کیا۔ مگر عام شہریوں کی حفاظت کیلئے اقدامات نہ کئے ۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا اور نہ ہی بچوں اور خواتین کی موجودگی چیک کی۔ حفاظتی تدابیر اور پروٹوکول پر عملدرآمد ہونے سے بڑے نقصان سے بچا جا سکتا تھا۔ ذرائع کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ اہلکاروں کی جلد بازی کی وجہ سے معصوم جانیں بھی ضائع ہوئیں۔